فاروق رحمانی کا شہید غلام محمد بلہ کو ان کی46 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

اقوام متحدہ مودی حکومت پردبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ علاقے میںسیاسی سرگرمیوں پر پابندی ختم کرے

پیر 15 فروری 2021 14:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2021ء) جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے شہید غلام محمد بلہ کو ان کی46 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے ایک بہادر سپاہی تھے اور اس انقلابی نوجوان کی وجہ سی1980 ء کی دہائی میں بہت سارے لوگوں کوبھارت کے خلاف کھڑے ہونے کی تحریک ملی ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 70 اور 80 کی دہائیوں میں عوامی مظاہروں سے 1990 میں بڑے پیمانے پر عوامی تحریک کی راہ ہموار ہوئی۔غلام محمد بلہ کو فروری 1975 کی 14 اور 15 تاریخ کی رات کوسنٹرل جیل سرینگر میں تشدد کا نشانہ بناکر شہیدکیاگیا تھا اور انہیں اس اذیت ناک واقعے سے کچھ دن قبل سوپور میں اندرا عبد اللہ ایکارڈ کے خلاف مظاہرے کی قیادت کرنے پر گرفتار کیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قوانین کے نفاذ اور 5 اگست 2019ء کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے تمام بڑی طاقتوں اور ان کی پارلیمانوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی اقدامات کو خلاف قانون قراردیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت ہزاروں کشمیری تہاڑ جیل اوردیگر بھارتی جیلوں میں نظربند ہیں جن کو خاموش اور پوری آبادی کو ہراساں کرنے کے لئے جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں تاکہ انہیں آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد سے روکا جائے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مودی حکومت پردبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ علاقے میںسیاسی سرگرمیوں پر پابندی ختم کرے ، ہر کشمیری کو جیلوں سے رہا کرے ، علاقے میںقتل و غارت بند کرے ، انسانی حقوق کی پامالیوں کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کی اجازت دے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی ادارے کے چارٹر کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سازگار ماحول پیدا کرے۔ فاروق رحمانی نے خبردارکیا کہ اگر موجودہ صورتحال اسی طرح جاری رہی تو مقبوضہ جموں و کشمیر اور اس کی محصور مسلمان آبادی کو اقلیت میں تبدیل کئے جانے کا شدید خطرہ لاحق ہو گا۔