سعودی مملکت نے متعدد پابندیاں اُٹھانے کا اعلان کر دیا

7 مارچ سے شاپنگ مالز، سینماز، جمز اور سپورٹس سنٹرز کھول دیئے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 مارچ 2021 08:48

سعودی مملکت نے متعدد پابندیاں اُٹھانے کا اعلان کر دیا
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 مارچ2021ء) سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے بعد گزشتہ سال سے ہی بہت سے تفریحی مراکز اور عوامی مقامات بند کر دیئے گئے تھے۔ اس حوالے سے ایک اہم خبر آ گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے شاپنگ مالز، سینما گھر، جمز اور سپورٹس سنٹر کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کل بروز اتوار 7 مارچ سے شاپنگ مالز، سینما گھر، جمز اور سپورٹس سنٹرز کھول دیئے جائیں گے جبکہ دیگر تفریحی مقامات اور ایونٹس وغیرہ پر عائد پابندیوں میں نرمی کر دی جائے گی۔

ریستورنٹس میں ٹیبل سروس بھی بحال کر دی جائے گی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق تمام ایونٹس اور پارٹیوں پر فی الحال پابندی عائد رہے گی جن میں شادیاں اور کاروباری میٹنگز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ بینکویٹ ہالز، شادی ہالز اور ہوٹلز میں مخصوص شادی ہالز میں تقریبات کے انعقاد پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔ حکام کی جانب سے تمام سماجی تقریبات میں لوگوں کی محدود گنتی کی پابندی کی نگرانی کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کورونا وبا کے دوران سعودی حکومت نے شادی بیاہ سمیت دیگر سماجی تقریبات میں 20 سے زائد افراد کے شرکت کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ وزارت کی جانب سے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ جو لوگ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کریں گے، ان پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی مملکت میں عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے، سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے اور دیگر ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ مملکت میں بھر اب تک ہزاروں غیر ذمہ دار افراد کو مختلف مقامات پر یہ جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جن لوگوں کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے مملکت میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔