پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کی وجہ آپ بنے،شائق کا ڈیرن سیمی پرطنز

’احمقانہ تبصرے نہ کرو‘، پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ کا جواب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 7 مارچ 2021 13:37

پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کی وجہ آپ بنے،شائق کا ڈیرن سیمی پرطنز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مارچ 2021ء ) پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی نے طنز کرنے والے نوجوان کے تبصرے کو احمقانہ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے آغاز کے دوسرے دن ہی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ اور کپتان وہاب ریاض بائیو سیکیور ببل کو توڑ کر فرنچائز مالک جاوید آفریدی سے ملے تھے جس کے بعد دونوں کو 3 دن کے لیے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا تاہم پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی ، پی سی بی نے فرنچائز کے دبائو میں آکر دونوں کو رعایت دیتے ہوئے قرنطینہ مکمل کرنے سے قبل ہی دوبارہ سکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دے دی، بعد ازاں کورونا کیسز میں اضافے پر پی ایس ایل 6 کو ہی ملتوی کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کے ملتوی ہونے کے بعد 37 سالہ ڈیرن سیمی لاہور آگئے جہاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر انھوں نے لکھا کہ ’پاکستان کو ایک کرکٹر کے بجائے بطور سیاح دیکھنا اچھا لگا‘،
اس پر ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ یہی کچھ تو کررہے تھے جس کی قیمت ہمیں پی ایس ایل 6 کے التوا کی صورت میں چکانا پڑی‘۔
اس پر ڈیرن سیمی نے جواب دیا کہ ’احمقانہ تبصرے نہ کرو‘۔