بھارت اورپاکستان کو کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے کھل کربات چیت کرنی چاہیی: عمر عبداللہ

ہفتہ 27 مارچ 2021 23:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںنیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو خفیہ مذاکرات سے آگے بڑھنا چاہئے اور کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے کھل کربات چیت کرنی چاہیے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ضلع پلوامہ میں پارٹی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ یہ بات کہی ہے کہ نہ صرف کشمیر بلکہ پورے جنوبی ایشیا کی بہتری دونوں ممالک کی دوستی پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے کے بجائے دوستی کی بات کر رہے ہیں لیکن اس کے لئے اور بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے سنا ہے کہ خفیہ بات چیت ہورہی ہے ، ہماری خواہش ہے کہ وہ دن جلد آجائے جب وہ دونوں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے اور تمام امور پر کھل گفتگو کریں گے اور جموں و کشمیر سمیت تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی سے پوچھ گچھ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر عمرعبداللہ نے کہاکہ وہ بھارتی پالیسیوں کی مخالفت کرنے کی قیمت ادا کررہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی پہلی رہنما نہیں ہیں اور نہ آخری ہوں گی (جن سے پوچھ گچھ کی جائے گی)۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے گزشتہ کچھ سالوں سے ہمارا یہ تجربہ رہا ہے کہ بھارتی پالیسیوں کی مخالفت کرنے کی قیمت ان ایجنسیوں کی جانب سے طلبی کی صورت میں ادا کرنا پڑتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ جہاں بھی یہ اقدامات ہوں گے ان کا مقابلہ کیا جائے گا۔