محکمہ موسمیات کی بعض علاقوں میں بارش اور بیشترعلاقوں میں دن کے دوران گرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی

جمعہ 30 اپریل 2021 19:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2021ء) محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض علاقوں میں بارش اور بیشترعلاقوں میں دن کے دوران گرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی کی ۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان ،بالائی سندھ ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے ،اسلام آباد میں دن کو موسم گرم اور خشک رہے گا۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا جب کہ قلات،لسبیلہ ،خضدار، ڑوب، تربت ،مکران، دالبندین میں بارش متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نوکنڈی اور کوئٹہ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ڈیرہ غازی خان، میانوالی، سرگودھا، بہاولپور اور خطہ پوٹھوہار میں بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر ،لاڑکانہ، دادو،حیدرآباد اور بینظیر آباد میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا،پشاور،کوہاٹ، بنوں،وزیر ستان اورکرم میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔کشمیرمیں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔