لاک ڈائون ،مہنگائی سے کم آمدنی والے دیہاڑی دار مزدورومساکین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا ،مولانا عبدالحق ہاشمی

جمعرات 6 مئی 2021 16:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ لاک ڈائون ،مہنگائی سے کم آمدنی والے دیہاڑی دار مزدورومساکین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا کرونا سے بچائوکیلئے سنسنی وپروپیگنڈے کے بجائے احتیاط ،اللہ سے رجوع کرنا چاہیے بدعنوانی کا خاتمہ اسلامی نظام کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

موجودہ اپوزیشن کے دور اقتدار کی ناکامیوں اور عوامی مشکلات کے تسلسل کو عمران خان سرکار نے پوری قوت سے جاری رکھا ہے۔رمضان المبارک میں بھی بدترین مہنگائی ،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہیں نااہل ناکام حکومت کی جانب سے بھاری سودی قرضوں کاحصول ،بے روزگاری ، اسٹیٹس کو اور پیداواری لاگت میں خوفناک ، تباہ کن اور ناقابل برداشت اضافہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

سیاسی ، آئینی ، پارلیمانی بحران شدت کے ساتھ بند گلی میں دھکیلا جارہاہے ۔مالی ،اخلاقی ،سیاسی بدعنوانی زوروں پرہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کے تبدیلی اور انقلابی نعروں سے عوام کو بڑی توقعات پیدا ہوئیں لیکن جولائی 2018 ء کے بعد سے عوام پس گئے ۔ قومی مفادات اور قومی ترجیحات خاک میں ملادی گئیں ۔سیاسی، جمہوری، پارلیمانی نظام کو بدنام کردیا گیا ۔

عملاً صورتحال یہ ہے کہ وزیراعظم ہے حکومت نہیں ، وزیراعظم اور حکومت ہیں تو اختیارات نہیں، بااختیار ہونے کا دعویٰ ہے تو حکومتی رٹ نہیں ، قائد بہت ہیں ملک و ملت قیادت سے محروم ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کے لیے بڑا چیلنج ہے کہ قومی ڈائیلاگ کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکالیں ۔جماعت اسلامی ہی قوم کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔

حکمران طبقہ اور یاستی مقتدر قوتیں قرار داد مقاصد اور آئین پاکستان کا اپنے آپ کو پابند بنالیں تو ملک میں سیاسی استحکام آئے گا اور پاکستان اقتصادی بحرانو ں سے بھی نجات پالے گا ۔ جماعت اسلامی کی تحریک اسلام کی حکمرانی کے لیے ہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنان رابطہ عوام خوش اخلاقی اور دینی انقلابی دعوتی پیغام کے ذریعے حالات کا رخ موڑدیں گے ۔