نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کردیا، بلاول بھٹو زرداری کامتنازع چشمہ جہلم لنک کینال کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ

ارسا صرف واٹر اکارڈ کے تحت پانی کی تقسیم کی مانیٹرنگ کا ادارہ ہے، پانی کی ترسیل میں من مانیاں نہیں چلیں گی، چیئر مین پیپلز پارٹی اگر سندھ کے زیریں علاقوں میں پانی کی قلت کے بحران کو دور نہیں کیا گیا تو قحط جیسی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، بلاول بھٹو زرداری کا بیان

جمعہ 7 مئی 2021 15:22

نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کردیا، بلاول بھٹو زرداری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں پانی کی قلت کے حوالے سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کردیا، متنازع چشمہ جہلم لنک کینال کو فی الفور بند کیا جائے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی نے عوام کا مقدمہ لڑا تو پی ٹی آئی حکومت نے مجبور ہوکر غیرقانونی تونسہ پنجند لنک کینال کو بند کیا۔

انہوںنے کہاکہ ارسا صرف واٹر اکارڈ کے تحت پانی کی تقسیم کی مانیٹرنگ کا ادارہ ہے، پانی کی ترسیل میں من مانیاں نہیں چلیں گی، منگلا ڈیم کو ارسا کا طے شدہ متنازع فارمولے سے زیادہ بھرنے کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت پیدا ہوئی۔انہوںنے کہاکہ نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ سکھر بیراج میں 27 فیصد جبکہ کوٹری بیراج میں پانی کی 44 فیصد تک کمی ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت کا یہ عالم ہے کہ گڈو بیراج سے پانی کی ترسیل بند ہوچکی ہے، گزشتہ سال کی برسات میں ڈیموں میں پانی کی وافر مقدار تھی مگر پی ٹی آئی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے ڈیموں میں پانی کی کمی ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت سندھ سمیت پورے پاکستان میں پانی کی ترسیل کی منصفانہ تقسیم میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، عمران خان نے سندھ کے زیریں علاقوں کو پیاس کا صحرا بنادیا، کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر کا پانی بند کرکے پی ٹی آئی حکومت نے سفاکیت کی انتہا کردی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ کیسی مدینے کی ریاست ہے کہ بدترین گرمی اور رمضان کے مقدس مہینے میں سندھ کا پانی بند کردیا گیا،اگر سندھ کے زیریں علاقوں میں پانی کی قلت کے بحران کو دور نہیں کیا گیا تو قحط جیسی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سندھ کے حصے کا پانی روک کر پی ٹی آئی حکومت اہلیان کراچی کو سزا دینا بند کرے، وزیراعظم صاحب، خریف کی فصل کا سیزن شروع ہورہا ہے، ہوش کے ناخن لیں اور سندھ کو اس کے حصے کا پانی دیں۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے پیدا کردہ پانی کے بحران کے بعد سندھ کے کسانوں کے لئے کپاس کی بوائی ممکن نہیں، ملک میں کپاس کی قلت سے پہلے ہی ٹیکسٹائل سیکٹر کو مسائل کا سامنا ہے، پانی بند کرکے عمران خان نئے بحران نہ پیدا کریں۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں پینے تک کے پانی کا بحران پیدا ہورہا ہے، پہلے بارشوں کی وجہ سے فصلیں تباہ ہوئیں اور اب سندھ کا پانی بند کرکے دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر ہنگامی بنیادوں پر پانی کا بحران حل نہ کیا گیا تو فصلوں کی بوائی نہیں ہوسکے گی اور غذائی بحران کے ساتھ ایک نیا المیہ پیدا ہوجائے گا