سری لنکا ،کورونا کے باعث بھارت سے آنیوالے مسافروں کی آمد پر پابندی عائد

بھارت میں مہلک وائرس سے گزشتہ روز چار ہزار افراد ہلاک ہوگئے

جمعہ 7 مئی 2021 17:30

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) سری لنکا نے بھارت میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائر س کے پیش نظر بھارت سے تما م آنے والے لوگوں کی ملک میں آمد پر فوری پابندی عائد کر دی ہے ۔ برطانیہ ، متحدہ عرب امارات ، آسٹریلیا اور سنگاپور سمیت متعدد ممالک پہلے ہی بھارت سے آنے والے مسافروں کی اپنے ممالک میں آمد پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری لنکا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ بھارت سے آنے والے مسافروں کو سری لنکا میں اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے سری لنکن ایئر لائن کے سی ای او کو ایک مراسلے میں کہا ہے کہ بھارت میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق بھارت سے آنے والے کسی بھی مسافر کو ملک میں اترنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے ۔

ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں چار لاکھ 14ہزار188افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 3ہزار915افراد کی موت واقع ہو ئی ہے ۔ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 36لاکھ 45ہزار164تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا کی بحرانی صورتحال میںبھارت بھر کے ہسپتالوں میں آکسیجن سمیت تمام ضروری وسائل کی شدید قلت ہے ۔