وفاقی حکومت اور اس کے اتحادی پاکستان چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، مصطفی کمال

تین سال سے وزیراعظم اور انکے اتحادیوں کی حکومتی گاڑی اپوزیشن گیئر میں پھنسی ہوئی ہے، ملک اس وقت آٹو پر چل رہا ہے،چیئرمین پی ایس پی

اتوار 9 مئی 2021 01:05

وفاقی حکومت اور اس کے اتحادی پاکستان چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ وفاقی حکومت اور اس کے اتحادی پاکستان چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن موڈ کو وزیراعظم موڈ میں تبدیل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، تین سال سے وزیراعظم اور انکے اتحادیوں کی حکومتی گاڑی اپوزیشن گیئر میں پھنسی ہوئی ہے، ملک اس وقت آٹو پر چل رہا ہے، کوئی پرسان حال نہیں۔

جب ملک کے وزیراعظم ہی اپنے ماتحت اداروں پر لعن طعن کرکہ اپنی بیبسی کا رونا روتے ہیں تو ایک جانب وہ اپنی ناکامی اور نااہلی کا بین ثبوت دیتے ہیں تو دوسری جانب عوام میں ہیجان پیدا کررہے ہیں۔ وزیراعظم کی باتوں سے عوام میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے، عوام سوچ رہی ہے کہ جب ملک کا وزیراعظم اپنی نااہلی کی وجہ سے بے بسی کی تصویر بنا بیٹھا ہے تم قوم کس سے امید لگائی اگر کسی قوم کو تباہ کرنا ہو تو اس سے امید چھین لی جائے، وفاقی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے اپنی نااہلی کی بنا پر پاکستان کے عوام سے امید چھین لی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس سے جاری ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑا ظلم جو وفاقی حکومت اور اسکی اتحادی ایم کیو ایم نے پاکستان کے ساتھ کیا ہے وہ پاکستان کی معاشی شہہ رگ کراچی کی غلط مردم شماری کی منظوری ہے۔ کراچی جو 69 فیصد ریونیو پاکستان کو دیتا ہے 90 فیصد ریونیو سندھ کو دیتا ہے، اس کی متنازعہ مردم شماری کو منظورِ کرلیا گیا۔ اب بھلے جتنی چاہے مردم شماری کروالیں، یہی غلط مردم شماری نئی مردم شماری کی بنیاد ہوگی لحاظہ اس غلط مردم شماری کو درست تسلیم کرنے کے بعد جتنی بھی مردم شماری کرالی جائے کراچی کی گنتی درست نہیں ہوسکتی، وفاقی حکومت اور اسکے اتحادی ایم کیو ایم نے کراچی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کے کراچی کی ہمیشہ کے لئے نسل کشی کردی ہے یہ ایسا ناقابل معافی جرم ہے جس کی بھرپائی کئی دہائیوں تک ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چلانے والا شہر کراچی آج قطرہ قطرہ پانی کو ترس رہا ہے، آج بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے زندگی دوبھر کردی ہے۔

گھر میں پینے کے پانی کی بجائے گٹر کا پانی آرہا ہے، دنیا کے کئی ملکوں سے بڑے شہر کراچی کی سڑکیں اس قدر ٹوٹی پھوٹی ہیں کہ تورا بورا کا گمان گزرتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی عوام کو ظالم، نااہل اور ناکام حکمرانوں کے سامنے بیبسی کی تصویر بنتے نہیں دیکھ سکتی۔ پی ایس پی ظلم کے نظام کیخلاف ڈٹ کر کھڑی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر حد سے گزر جائے گی۔