حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہونے کا انکشاف

ہر پاکستانی کو پونے دو لاکھ کا مقروض کرنے کیلئے عمران خان نے 25 سال جدوجہد کی، قرضوں کے خلاف جھوٹی مہم چلا کر حکومت نے صرف ڈھائی سال میں 33 ارب ڈالر بیرونی قرض لے لیا، بلاول بھٹو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 8 مئی 2021 22:31

حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہونے کا انکشاف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 08 مئی2021ء) ہر پاکستانی کو پونے دو لاکھ کا مقروض کرنے کیلئے عمران خان نے 25 سال جدوجہد کی، قرضوں کے خلاف جھوٹی مہم چلا کر حکومت نے صرف ڈھائی سال میں 33 ارب ڈالر بیرونی قرض لے لیا،حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہونے کا انکشاف- تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے 25 سال اس لئے جدوجہد کی کہ ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دباسکیں،قرضوں کیخلاف جھوٹی مہم چلا کر پی ٹی آئی حکومت اب تک 33 ارب ڈالر سے زائد کا غیرملکی قرضہ لے چکی ہے، عوام کو کفایت شعاری کا درس دینے والے عمران خان حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 25 سال اس لئے جدوجہد کی کہ ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دباسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کے خلاف جھوٹی مہم چلا کر پی ٹی آئی حکومت اب تک 33 ارب ڈالر سے زائد کا غیرملکی قرضہ لے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کے سود کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد ترقیاتی بجٹ تو درکنار دفاعی بجٹ کے لئے بھی حکومت کے پاس پیسے نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو کفایت شعاری کا درس دینے والے عمران خان کی حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی ٹیم کا لالی پاپ دینے والے عمران خان کی حکومت سخت شرائط پر قرضے لے کر اپنی آمدنی سے 10 کھرب روپے زیادہ خرچ کرچکی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نرخوں میں سینکڑوں فیصد اضافے کے بعد بھی صرف بجلی کے شعبے میں ڈھائی کھرب اور گیس کے شعبے میں گردشی قرضہ 350 ارب روپوں سے زیادہ ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی قرضہ نہ لینے کا اعلان کرنے والے عمران خان کی حکومت کے نو ماہ میں ڈھائی کھرب روپوں پر مشتمل ملکی خزانے کا 82 فیصد حصہ قرضوں کی ادائیگی میں صرف ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی حالت یہ ہے کہ عوام اور تاجروں کے ٹیکسوں کے 710 ارب روپے واپس نہ کرکے ایک نیا گردشی قرضہ پیدا کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب 650 ارب روپے کیترقیاتی پروگرام میں سے حکومت مالی سال کے 11ویں ماہ میں بھی صرف 40 فیصد خرچ کرے گی تو معاشی ترقی کے اہداف کیسے پورے ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجٹل اکاؤنٹ پر واہ واہ سمیٹنے والے عمران خان کیوں نہیں بتاتے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں سے سات فیصد سود پر ایک ارب ڈالر سے زائدلے چکے ہیں۔