مسجد اقصیٰ (قبلہ اول ) کا احترام کرنا کائنات کے ہر فرد کی اہم مذہبی ذمہ داری ہے، علامہ حافظ محمد سلفی

اتوار 23 مئی 2021 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2021ء) نائب امیر جماعت غرباء اہل حدیث پاکستان و مدیر جامعہ ستاریہ اسلامیہ گلشن اقبال کراچی پروفیسر علامہ حافظ محمد سلفی نے جماعت اسلامی کراچی کے فقید المثال فلسطین مارچ کی کامیابی پر جماعت کے امیر و سینیٹر سراج الحق ، امیر سندھ حافظ نعیم الرحمن اور ان کے ذمہ داراں سادہ مزاج ہزاروں کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ (قبلہ اول ) کا احترام کرنا کائنات کے ہر فرد کی اہم مذہبی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی خواتین و حضرات اور خصوصاً فلسطین کے نونہالان وطن کے ساتھ اسرائیل کے ظلم و ستم اور قتل و غارت گری پر سراپا احتجاج ہو نا ہمارا اخلاقی ، قانونی اور مذہبی حق ہے ۔ جسے ہم نے اور اہل کراچی نے نہایت پر امن اور احسن انداز سے مکمل کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

مولانا سلفی نے کہا کہ پاکستان کی تمام مذہبی جماعتیں اور کائنات میں بسنے والے اربوں مسلمان ، مسلمان حکمرانوں کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ وہ بھی خدارا حق و صداقت اور عدل و انصاف کے حقیقی اور اسلامی اصولوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اسرائیل کی غیر قانونی اور غیر مہذب پالسیوں اورخونچکاں ظلم وبربریت کا ازخود نوٹس لیں ۔

انہوں نے کہا کہ مساجد و مدارس اور ان کے متولیان سے بغاوت اور لڑائی کرنے والے رب تعالیٰ کے غضب اور قہر خداوندی کو دعوت دیتے ہیں ۔ارض وسماں کے مالک کی ناراضگی سے بڑی بڑی دیو ہیکل عمارتیں اور بڑے بڑے پہاڑآناًفاناً زمیں بوس ہو جایا کرتے ہیں ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ اور اس کے رسولؐسے جنگ کرنا اور بے جا لڑنے سے ہر ممکن گریز کریں تو رب تعالیٰ کی رحمتیں ، برکتیں اور وسعتیں ہمارا مقدر بن سکتی ہیں ۔