کئی دہائیوں بعد پاکستان پولیو فری ملک بننے کے قریب پہنچ گیا

ملک بھر میں سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس تیزی سے ختم ہونے لگا، چاروں صوبوں کی 93 فی صد سیوریج لائنز پولیو وائرس سے پاک ہوگئیں، 2 ماہ میں دوسری بار90 فی صد سے زائد سیوریج لائنز سے پولیو کا ایک بھی وائرس نہ ملا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 جون 2021 18:37

کئی دہائیوں بعد پاکستان پولیو فری ملک بننے کے قریب پہنچ گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 جون 2021ء ) کئی دہائیوں بعد پاکستان پولیو فری ملک بننے کے قریب پہنچ گیا ، ملک بھر میں سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس تیزی سے ختم ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس تیزی سے ختم ہونے لگا، چاروں صوبوں کی 93 فی صد سیوریج لائنز پولیو وائرس سے پاک ہوگئیں، 2 ماہ میں دوسری بار90 فی صد سے زائد سیوریج لائنز سے پولیو کا ایک بھی وائرس نہ ملا۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر کے 60 سے زائد مقامات کے گٹر کے پانی کا پولیو ٹیسٹ کیا گیا ، ٹیسٹ کے لیے گٹرز سے سیمپلز گزشتہ ماہ کے آغاز پر لیے گئے ، ان میں سے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں لانڈھی اور گلشن اقبال کے گٹروں میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ، جب کہ صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، ملتان، راجن پور، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، اور گوجرانوالہ کے گٹر پولیو سے پاک نکلے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، ناصرآباد، خضدار کے گٹرز میں پولیو وائرس نہیں ملا ، اس کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور، کوہاٹ، بنوں، کرم، باجوڑ، دیامر کی سیوریج لائنز میں بھی پولیو وائرس سامنے نہیں آیا۔ علاوہ ازیں صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور پولیو سے پاک ہو گیا ، شہر کو پولیو سے پاک کرنے پر ڈاکٹرز اور پولیو ورکرز مبارکباد کے مستحق ہیں ، ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے کہ لاہور میں پولیو کا پانچواں ماحولیاتی نمونہ بھی نیگٹو ہو گیا ہے ، شہر کا پولیو سے پاک ہونا ڈاکٹروں اور پولیو ورکرز کی محنت اور بچوں کے والدین کے تعاون کا نتیجہ ہے ، مدثر ریاض ملک کا مزید کہنا تھا کہ چار ماحولیاتی نمونے پہلے ہی منفی ہو چکے ہیں ، شہر کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے انتظامیہ اور افسران نے بھی بھرپور کام کیا، سب نے مل کر لاہور کو پولیو فری ہی رکھنا ہے، والدین پختہ عزم کر تے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکروسافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک سربراہ بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، جس میں کورونا وائرس اور پولیو کے خاتمے کی مہم سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بل گیٹس نے پولیو کے سدباب کی مہم میں پاک فوج کے تعاون کو سراہا ، ٹیلی فونک گفتگو کے دوران آرمی چیف نے دنیا سے انسداد پولیو کے لیے بل گیٹس اوران کی فاؤنڈیشن کی کاوشوں کی تعریف کی ۔

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد اور قومی کوشش ہے ، پولیو کے خلاف کامیاب مہم کا سہرا ہیلتھ ورکرز، موبائل ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب کوئی ایک بھی بچہ پولیو سے متاثرنہیں ہوگا تو اسے کامیابی کہیں گے ، آرمی چیف نے مہم میں پاک فوج کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کا یقین بھی دلایا۔