مقبوضہ جموںوکشمیر میں صرف مذاکرات سے امن قائم ہوسکتا ہی: محبوبہ مفتی

ہفتہ 12 جون 2021 20:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بندوق کسی مسئلے کاحل نہیں اور صرف مذاکرات سے ہی علاقے میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی سوپور حملے پر ردعمل ظاہر کررہی تھیںجس میں بھارتی پولیس کے دواہلکاراورتین شہری اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

(جاری ہے)

محبوبہ مفتی دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ضلع بارہمولہ کے علاقے نور باغ میں آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں کے گھر گئیں۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہاں سب لوگوں نے آگ بجھا نے میں اہم کردار اداکیاہے جو قابل تعریف ہے۔ متاثرین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بہت غریب لوگ ہیں اور انہیں بہت کم اجرت ملتی ہے اور ان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنی چاہیے اورموسم سرماسے پہلے ان کے لئے رہنے کی جگہ کا انتظام کرنا چاہیے۔