رانا ثناء اللہ سے چوہدری محمد جعفر اقبال کی ملاقات ، تنظیمی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو

مسلم لیگ (ن) کے تمام عہدیداران اور ورکرز ، مرکز سے لے کر صوبائی ضلعی ، تحصیل اور نچلی سطح تک کی تمام تنظیمیں الیکشن کی بھرپور تیاری کریں

پیر 14 جون 2021 15:23

رانا ثناء اللہ سے چوہدری محمد جعفر اقبال کی ملاقات ، تنظیمی امور اور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں سنیئر مرکزی راہنما پاکستان مسلم لیگ ن سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال سابق مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ (ن )سے ان کی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر بیگم عشرت اشرف سابق مرکزی صدر شعبہ خواتین پاکستان مسلم لیگ (ن)، محترمہ زیب جعفر ایم این اے و سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ،بیرسٹر انوش جعفر اور چوہدری محمد عمر جعفر سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) رحیم یار خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کے جتنے بھی سنیئر لوگ ہیں وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی ہمیشہ مشاورت ، راہنمائی اور سرپرستی کی ضرورت ہوتی ہے جس سے پارٹی کو ایک قوت اور طاقت ملتی ہے، پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف اور پارٹی صدر میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آگے بڑھے گی ، مسائل میں گھری عوام کو موجودہ حکومت کے پیدا شدہ مسائل سے نجات دلائیں گے اور اگلے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) تمام صوبوں اور مرکز میں بھرپور کامیابی حاصل کریگی۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام عہدیداران اور ورکرز ، مرکز سے لے کر صوبائی ضلعی ، تحصیل اور نچلی سطح تک کی تمام تنظیمیں الیکشن کی بھرپور تیاری کریں۔ سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جعفر آباد فیملی کا اوڑھنا بچھونا ہے ، اچھے اور برے وقتوں میں ہماری فیملی کا پارٹی کے لیے بھرپور کردار رہا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی ایک مثالی کردار رہے گا۔