میں صرف 4 اوورز کا بلے باز نہیں، آصف علی کا ناقدین کو جواب

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سوا کوئی اور میری بیٹنگ پر بھروسہ نہیں کرتا، مشکل وقت میں ساتھ نہیں دیتا: جارح مزاج بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 جون 2021 16:25

میں صرف 4 اوورز کا بلے باز نہیں، آصف علی کا ناقدین کو جواب
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جون 2021ء ) اتوار کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ جیتنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے اپنے ناقدین کو کرارا جواب دیا ہے۔ آصف علی جنہوں نے 43 گیندوں پر 75 رنز بناکر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، کا خیال ہے کہ انھیں چار اوور کے بلے باز کی حیثیت سے پہچانا جانا غلط ہے۔ آصف علی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سوا کوئی بھی میری بیٹنگ پر بھروسہ نہیں کرتا اور مشکل وقت میں میرا ساتھ نہیں دیتا۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ میں صرف 4 اوورز تک بیٹنگ کرنے والا کھلاڑی ہوں اور ان کے لئے میرا پیغام یہ ہے کہ ایسا نہیں ہے اور جب بھی مجھے آج کی طرح موقع ملے گا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ آصف علی نے کہا کہ ہمارے 20 رنز پر 5 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے تھے اور ہم بہت دباؤ میں تھے، میں نے افتخار احمد کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا کہ ہم پورے اوورز کھیلیں گےاور سکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل لگائیں گے جو ہم نے پچ کی نوعیت کے مطابق کیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس میچ میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دی اور آصف علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اسلام آباد اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں 5 کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔