ڈاکٹرطاہرالقادری کا شہداء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دینےکا مطالبہ

وزیراعظم عمران خان کی کرسی میں شہداء کا خون شامل ہے، بڑے اداروں کے سربراہان نے انصاف دینے کا وعدہ کیا تھا، بتایا جائے انصاف کی راہ میں کون رکاوٹ ہے؟ سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا آڈیولنک پر خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 15 جون 2021 19:18

ڈاکٹرطاہرالقادری کا شہداء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دینےکا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون2021ء) پاکستان عوامی تحریک سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہداء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ انہون نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کرسی میں شہداء کا خون شامل ہے، بڑے اداروں کے سربراہان نے انصاف دینے کا وعدہ کیا تھا، بتایا جائے انصاف کی راہ میں کون رکاوٹ ہے؟ وہ آج یہاں ماڈل ٹاؤن لاہور میں بیرون ملک سے آڈیولنک پر خطاب کررہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے اقتدار کی کرسی میں شہداء کا خون شامل ہے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سات سال گزر گئے لیکن تاحال انصاف نہیں ملا۔ وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ ہے کہ عوامی تحریک کے کارکنوں پر قائم مقدمات کو ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف نے ہاتھ سے ہاتھ ملا کر وعدہ کیا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دوں گا، اسی طرح سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی بسمہ کے سر پر ہاتھ کر انصاف دینے کا وعدہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ابھی تک انصاف کا دروازہ نہیں کھولا گیا۔ عدالت عظمی میں وعدہ کیا تھا کہ سڑکوں پر احتجاج نہیں کریں گے اس بات پر قائم ہیں، انصاف کیلئے اب عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، سیاست میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بندوق، ٹینک یا دہشتگردی کا طرزعمل اپنا کر انصاف لینا کوئی طرزعمل نہیں ہے۔

دوسری جانب آج 15 جون کو پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14شہریوں کے قتل عام اور سات سالوں سے انصاف نہ ملنے کے خلاف 17جون ملک گیر عوامی احتجاج کے سلسلے میں پی اے ٹی کے قائدین سید ظفر اقبال،صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، نوید عالم و دیگر کی مختلف سیاسی سماجی مذہبی جماعتوں کی قیادتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری جن میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی کنونئر خالد مقبول،رئوف صدیقی،مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علی انور جعفری،ناصر حسینی،تقی ظفر ،ملت کشمیر ہیومن رائٹس کے چیئر مین مطیع الرحمن آسی،پیرزادہ محمود الحسن سے ملاقات انہیں 17جون کراچی شاہین کمپلیکس تا سندھ اسمبلی ہونے والے عوامی احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان قائدین نے کہا ہم نے ہمیشہ سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف مقتولین کے حق میں آواز بلند کی اور کرتے رہیں گے ۔ریاست کی ذمہ داری ہے وہ لواحقین کو انصاف دلائے۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان الیاس مغل کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی قائدین آج 16جون دن ڈھائی بجے صوبائی سیکرٹریٹ گلشن اقبال میں اہم پریس کانفرنس کریں گے ۔