رسم و رواج اور تہذیب و ثقافت کسی بھی خطے کی پہچان ہے جس پر باسیوں کو فخر کرنا چاہئے:کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ

پاکستان ایک عظیم تہذیب کا وارث خطہ ہے جہاں 5 ہزار سال قبل بھی شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات میسر تھیں

Abdul Wahab Khalid عبدالوہاب خالد ہفتہ 19 جون 2021 11:54

رسم و رواج اور تہذیب و ثقافت کسی بھی خطے کی پہچان ہے جس پر باسیوں کو ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2021ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ رسم و رواج اور تہذیب و ثقافت کسی بھی خطے کی پہچان ہے جس پر باسیوں کو فخر کرنا چاہئے۔ پاکستان ایک عظیم تہذیب کا وارث خطہ ہے جہاں 5 ہزار سال قبل بھی شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات میسر تھیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی تہذیب و ثقافت پر فخر کریں اور اسے دنیا بھر میں روشناس کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کی کرافٹ کٹیگری میں صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے فنکار اللہ دتہ کو 2لاکھ روپے انعامی چیک دینے کی تقریب میں کہی۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)



کمشنر نادر چٹھہ نے اللہ دتہ کی صلاحیتوں کو سراہا اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل کو ہدایت کی کہ اس کے ہنر کو ملکی سطح پر روشناس کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کی تمام کیٹیگریز میں پوزیشن حاصل کرنے والے فنکاروں کیلئے خصوصی دعوت کا اہتمام کیا اور انکے فن کی حوصلہ افزائی کی۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس ہر سال ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا اہتمام کرے گی تاکہ فنون و ثقافت کے مختلف شعبوں میں ٹیلنٹ کو آگے لایا جا سکے۔ کمشنر نادر چٹھہ نے فنکار اللہ دتہ کی بنائی ہوئی اشیاء میں بھی گہری دلچسپی لی اور انکے فن کو سراہا۔