نواز شریف کو جیل میں رکھنا نہیں چاہتے، پیسے واپس کریں، جہاں مرضی چلے جائیں

احتساب کے عمل کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانا ہے، فواد چودھری

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 20 جون 2021 08:18

نواز شریف کو جیل میں رکھنا نہیں چاہتے، پیسے واپس کریں، جہاں مرضی چلے ..
سکردو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے،احتساب اور لوٹی ہوئی دولت کو ملکی خزانہ میں لا کر جمع کرانے کی پی ٹی آئی حکومت کی خواہش بھی کچھ ایسی ہی ہے۔پی ٹی آئی نے اقتدار میں آتے ہی چور چور کے جو نعرے بلند کیے اور اپوزیشن ارکان کو پکڑ کر جیل میں ڈالا وہ سارے ایک ایک کر کے رفوچکر ہو گئے اور حکومت کے ہاتھ پھوٹی کوڑی بھی نہ آئی مگر حکومت آج بھی ببانگ دہل یہ نعرے الاپتی نظر آتی ہے کہ چھوڑیں گے نہیں اور پیسے نکلوا کر رہیں گے۔

جبکہ گزشتہ روزوفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جیل میں رکھنا نہیں چاہتے، وہ پیسے واپس کریں اور جہاں مرضی چلے جائیں، احتساب کے عمل کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانا ہے، گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سکردو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے سب سے بڑا شئیر وفاقی حکومت نے دی ہے، عوام دوست اور تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، عبوری صوبے کے معاملے پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے، سابق ن لیگ کی حکومت نے گلگت بلتستان کے لیے کچھ نہیں کیا، سڑکوں کی خراب حالت سابق حکومت کی نااہلی کا ثبوت دے رہی ہیں، سیاحت کی ترقی کے لیے جتنی فلائٹس چلائی جا رہی ہیں ماضی میں مثالیں نہیں ملتی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگ پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں لوکل گورنمنٹ کی تشکیل کی ضرورت ہے، ہم امن کے لیے سنجیدہ ہیں، مودی کی کشمیر پالیسی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی مزمت کرتے ہیں، کشمیر کاز کے لیے ہم نے اقتصادی قربانیاں بھی دی ہیں۔