بینظیر بھٹو شہید کا 68واں یوم ولادت پیرس میں منایا گیا

بے نظیر بھٹو شہید زندگی بھر عزم حوصلہ اور صبر کے ساتھ اپنے مشن پر کاربند رہیں، کامران یوسف گھمن

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن منگل 22 جون 2021 16:07

بینظیر بھٹو شہید کا 68واں یوم ولادت پیرس میں منایا گیا
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے زیر اہتمام محترمہ بینظیر  بھٹو شہید کی 68ویں  سالگرہ کی پروقار تقریب جس کی صدارت کامران یوسف گھمن سابق کوآرڈینیٹر یورپ اورٹکٹ ہولڈر این اے 162 تحصیل بورے والا نے کی، تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز نے بھر پور شرکت کی۔

تقریب میں چوہدری کامران یوسف گھمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھرتی کی عظیم بیٹی محترمہ بے نظیر بھٹو کی 68 ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منا کر خوشی اور فخر محسوس ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ آخری دم تک عوام کے حقوق اور پاکستان کی سر بلندی کے لیئے جدو جہد کرتی رہیں ،محترمہ بے نظیر بھٹو زندگی بھر عزم حوصلہ اور صبر کے ساتھ اپنے مشن پر کاربند رہیں، شہید بے نظیر بھٹو کا مشن پاکستان میں جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل تھا، ان کا مشن دراصل قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا۔

(جاری ہے)

.

انہوں نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے غریبوں کو زندہ درگزر کردیا ہے۔ غریبوں سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھین لیا گیا ہے۔ بجٹ میں جھوٹے اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں۔

دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے نظیر بھٹو نام کی طرح واقعی بےنظیر تھی ایسی عظیم ہستیاں صدیوں بعد پیدا ہوتیں ہیں وہ ایسی ہمدرد مخلص لیڈر تھی جنہوں نے مزدوروں ، خواتین اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا انہوں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا - مشکلات کے باوجود انہوں نے اداروں کی مضبوطی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیئے اقدامات اٹھائے شہید بے نظیر بھٹو کا فلسفہ ریاست و معاشرے کو درپیش تمام مسائل کے حل کی کنجی ہے۔

تقریب جئے جئے بھٹو جئے  ، بے نظیر بھٹو زندہ باد ، پیپلز پارٹی زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ تقریب کے آخر  میں کیک بھی کاٹا گیا ۔