وزیرخزانہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، سرمایہ کاری اور نجکاری کے امور پرگفتگو

جمعرات 16 اکتوبر 2025 12:38

وزیرخزانہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، سرمایہ کاری اور نجکاری کے امور ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد عبداللہ عبدالعزیز الجدعان سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بڑھتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعلقات، سرمایہ کاری اور نجکاری کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے سعودی ہم منصب کو پاکستان میں جاری نجکاری پروگرام، خاص طور پر قومی ایئر لائن (پی آئی ای) اور ہوائی اڈوں کی نجکاری پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔محمد اورنگزیب نے پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا اور اس سلسلے میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (میگا) کے اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے پاکستان میں انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے سعودی مالی معاونت اور تعاون کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر سعودی وزیر خزانہ نے مثبت ردعمل دیا۔محمد اورنگزیب نے اس موقع پر یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔دونوں وزرائے خزانہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف روایتی دوستی تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک اقتصادی شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں مزید وسعت دی جائے گی۔