وزیر اعظم کا سستی بجلی کے زریعے ملکی خوشحالی کا عزم قابل تعریف ہے،محمد اسلم خان

سستی بجلی کے لئے سبسڈی کے بجائے اصلاحات کا راستہ اختیار کیا جائے،چیئرمین پاکستان اکانومی واچ

منگل 13 جولائی 2021 15:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈئیر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے بجلی سستی کر کے ملکی خوشحالی کو یقینی بنانے کا عزم لائق تحسین ہے۔ حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے منصوبے اور بجلی سستی کرنے کی کوششوں کی تائید کرتے ہیں جس کے بغیر اقتصادی ترقی ناممکن ہے۔

محمد اسلم خان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کئی سال سے بجلی مسلسل مہنگی ہو رہی ہے جبکہ گردشی قرضہ کم ہونے کے بجائے بڑھ کر ڈھائی کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ہے اس لئے بجلی سستی کرنے کے لئے سبسڈی دینے کے بجائے حقیقی اصلاحات پر زیادہ توجہ دی جائے کیونکہ سبسڈی کا بوجھ بھی اضافی ٹیکس مہنگائی اور دیگر طریقوں سے گھوم پھر کر عوام پر ہی پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں بجلی کی پیداواری لاگت میں 76 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم اسکے ٹیرف میں 39 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس شعبہ نی2007 سے 2020 تک معیشت کو بیاسی ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے جسکی بڑی وجہ کئی دہائیوں تک اصلاحات کو نظر انداز کرنا اورسابقہ حکومتوں کے ایسے معاہدے ہیں جن کے تحت نجی بجلی گھروں کو حیران کن حد تک زیادہ ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔

اگر نجی بجلی گھر قومی گرڈ کو بجلی نہ بھی دیں توموجودہ حکومت انھیں اربوں روپے کی ادائیگیاں کرنے پر مجبور ہے۔اس وقت بھی ملک میں بجلی کے تین کروڑ کینکشن ہیں جن میں سے دو کروڑ چالیس لاکھ یا دس میں سے آٹھ کنیکشنز کو سبسڈی پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے جسے زیادہ عرصہ تک جاری رکھنا مہنگا اور دشوار ہو گا۔مسائل کی حل اور بجلی سستی کرنے کے لئے اسکا زیاں اور چوری روکنا ہو گی، ترسیلی نقصانات کو کم کرنا ہو گا، نادھندہ سرکاری اداروں سے بھی بل وصول کرنا ہونگے ، مہنگی بجلی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو لگام ڈالنا ہو گی اور متبادل زرائع اختیار کرنا ہونگے۔