بلاول بھٹو کے دوروں سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کشمیر میں الیکشن مہم کے دوران غلط زبان کے استعمال کی مذمت کرتا ہوں جبکہ سندھ کے لوگ انکے جال میں نہیں آئیں گے ہمیں درگاہیں بند کرنے کا کوئی شوق نہیں مگر کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پابندیاں لگا رہے ہیں

ہفتہ 24 جولائی 2021 20:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے سیہون کے دورے کے موقع پر ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے دوروں سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں الیکشن مہم کے دوران غلط زبان کے استعمال کی مذمت کرتا ہوں جبکہ سندھ کے لوگ انکے جال میں نہیں آئیں گے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن پر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر الیکشن میں اگر دھاندلی ہوئی تو وہ کشمیر کاز کیلئے نقصاندہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پی ڈی ایم اب صرف پنجاب کی حد تک ہی رہ گئی ہے اور اب سب کو پتہ چل گیا ہے کہ حقیقی اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی ہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو ، پی پی پی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری اور اب بلاول بھٹو زرداری کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم نے تاریخ کو پیچھے رکھ کر کشمیر میں ریفرینڈم کرانے سے متعلق بیان دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت سے نجات دلانے کیلئے کام کر رہے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا دورہ امریکا ایک نجی دورہ تھا جس کے متعلق بتا کر گیا تھا لیکن پہر بھی مخالفین پریشان ہو گئے ۔ درگاہوں کی بندش سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں درگاہیں بند کرنے کا کوئی شوق نہیں مگر کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پابندیاں لگا رہے ہیں ۔ قبل ازیں سہون ایئر پورٹ پہنچنے پر لوگوں کی بڑی تعداد نے وزیر اعلی سندھ کا پر تپاک استقبال کیا اور جیئے بھٹو اور جیئے مراد علی شاہ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔

اس موقع پر ایم این اے سکندرعلی راہپوٹو ، پی پی پی جامشورو کے صدر سید آصف علی شاہ ، رئیس امان اللہ شاہانی ، سردار حاکم نوحانی ، شمن راہپوٹو کے علاوہ ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل کھرل ، ڈی سی جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فرید الدین مصطفی ، ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ ، ڈویزنل ڈائریکٹر انفارمیشن سوائی خان چھلگری اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعد ازاں وزیر اعلی سندہ نے رفیق ڈیتھو سے ان کے کزن کی وفات پر، علی اکبر بوزدار سے ان کے بیٹے اور دیگر کئی معززین سے ان کے رشتہ داروں کی وفات پر تعزیت کی اور مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی۔