قذافی سٹیڈیم میں بارش کے پانی کا حل نکال لیا گیا، زیر زمین واٹر ٹینک بنانے کا فیصلہ

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشتر سپورٹس کمپلیکس میں واٹر ٹینک بنانے کی منظوری دیدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 25 جولائی 2021 13:44

قذافی سٹیڈیم میں بارش کے پانی کا حل نکال لیا گیا، زیر زمین واٹر ٹینک ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جولائی 2021ء ) لاہور کے قذافی سٹیڈیم سمیت نشتر سپورٹس کمپلیکس میں بارش کے پانی کا حل نکال لیا گیا ہے، نشتر سپورٹس کمپلیکس میں زیر زمین واٹر ٹینک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشتر سپورٹس کمپلیکس میں واٹر ٹینک بنانے کی منظوری دیدی۔ دستاویز کے مطابق واٹرٹینک میں 138 ایکڑ رقبے پرہونے والی بارش کا پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا، زیر زمین واٹرٹینک میں 4 ملین گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی ۔

(جاری ہے)

نشتر سپورٹس کمپلیکس میں 10 ایکڑ رقبے پر پانی کھڑا ہوتا ہے، زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر پر تقریبا 688 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے، واٹر ٹینک کی تعمیر پر لاگت کے 60 فیصد فنڈز پنجاب سپورٹس بورڈ فراہم کرے گا۔ ایم ڈی واسا زاہد عزیز کے مطابق زیر زمین واٹر ٹینک میں بارش کا ذخیرہ پانی گراؤنڈز کیلئے استعمال ہوگا، زیر زمین واٹرٹینک بنانے کے بعد اس کی چھت پرگراؤنڈ بنادی جائے گی، واٹر ٹینک کی جگہ کو قابل استعمال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واسا اس سے قبل لارنس روڈ پر زیر زمین واٹرٹینک بنا چکا ہے، لارنس روڈ پر بننے والے ٹینک پرلان ٹینس گراؤنڈ بنائی گئی ہیں، اس وقت کشمیر روڈ اور شیرانوالہ گیٹ میں زیر زمین واٹر ٹینک بنانے کا کام جاری ہے۔