عوام کو کورونا کے نام پر دھمکانے کی بجائے صحت کی تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں,کاشف سعید شیخ

جمعرات 29 جولائی 2021 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کورونا کے نام پر بیرونی ممالک سے ملنے والی امداد کے 1240ارب روپے کا حساب قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی میں پیش نہ کرنے اور خلاف ضابطہ تقسیم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران کورونا کے نام پر عوام کو دہمکانے کی بجائے ملک کے ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات فراہم کریں، لاک ڈائون سے پہلے بیروزگاری اور مہنگائی سے تنگ عوام کو گھروں تک بنیادی ضروریات فراہم کرکے جینے کا حق دیا جائے، انہوں نے جمعرات کو ایک بیان میں مزید کہا کہ کورونافنڈ کی مد میں بیرونی ممالک،اقوام متحدہ اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے ملنے والی امداد کے 1240ارب روپے کی تقسیم اور خرچ کرنے کی تفصیلات سیکریٹری خزانہ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں پیش نہیں کرسکے ،کمیٹیوں کے بہانے پر قوم کے نام پرملنے والی1240ارب روپے ٹھکانے لگانے کا انتظام کیا جارہا ہے جو تبدیلی سرکار کی کرپشن فری دعووں اور وعدوں کی نفی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی رہنماء نے مزید کہا کہ ایک طرف بجلی،گیس،پیٹرول، ایل پی جی سمیت روزہ مرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے تو دوسری جانب حکمرانوں ،عدلیہ اور دیگر اداروں کی سیکورٹی کے نام پر اربوں روپے کے اخراجات اور وفاقی وصوبائی حکومتیں کرپشن کا بازار گرم کرکے عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ رہے ہیں ،اب کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت آنے کے بعد ایک بار پھر کاروباری بندشوں اور لاک ڈائون کا عندیہ عوام کو مزید بھوک وافلاس اور غربت کے دلدل میں دھکیلنے کے مترادف ہوگا،ملک کی تمام بڑی پارٹیوں اور رہنمائوں نے حالیہ آزاد کشمیر الیکشن میں ایس اوپیز کی دھجیاں اڑائیںآخر تمام تر پابندیاں عوام کیلئے ہی کیوں، حکومت پہلے 1240ارب روپے کا حساب، مزدور اور کم اجرت والے افراد کیلئے گھروں تک تمام تر سہولیات فراہم کرنے کا بندوبست کرے تاکہ مجبوری میں نافذ کئے گئے لاک ڈائون میں عام آدمی کی زندگی متاثر ہونے سے بچایا جائے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں پہلے اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کریں اسکے بعد عوام سے مزید قربانی کا مطالبہ کیا جائے۔