پاکستان کرکٹ کے زوال کا ایک سبب متواتر زمبابوے کا دورہ کرنا ہے:وسیم اکرم

سابق کپتان نے طنزاً کہا کہ جس عقلمند نے شیڈولنگ کی میں اس سے ملنا، خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 جولائی 2021 16:12

پاکستان کرکٹ کے زوال کا ایک سبب متواتر زمبابوے کا دورہ کرنا ہے:وسیم ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جولائی 2021ء ) سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم اہم دوروں سے قبل چھوٹی ٹیموں سے مقابلوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف پھٹ پڑے۔ وسیم اکرم نے ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کے دوران انگلینڈ کے اہم ٹور سے قبل دورہ زمبابوے پر پی سی بی حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے ہوئے طنزاً کہا کہ جس عقل مند نے قومی ٹیم کی سیریز کی شیڈولنگ کی ہے میں اس سے ملنا اور خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، زمبابوے جیسی ٹیموں سے مقابلے کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ صرف وہی اس کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں ۔

انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ایک ٹیم سری لنکا میں کھیل رہی ہے، دوسری ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ میں موجود ہے اور وہ تیسری ٹیم بھی تیار کرسکتے ہیں، انھوں نے اپنے ڈومیسٹک سسٹم میں سرمایہ کاری کی جس کا اب وہ بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق فاسٹ بائولر نے بھی لوگوں پر برہمی کا اظہار کیا جو ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی پسند کے کھلاڑی منتخب کریں۔

وسیم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو سفارشات پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور دراصل ڈومیسٹک سرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرنا ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ کسی کھلاڑی کو تلاش کرکے سلیکٹ کرنا ایک چیز ہے لیکن کسی کھلاڑی کو ترجیحی طور پر منتخب کرنے کے لئے کہنا شرمناک اور غیر اخلاقی ہے۔