بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ یکطرفہ اور غیر قانونی ہے، بلاول بھٹو زر داری

یہ بین الاقوامی قوانین و عملداری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بیان کردہ عالمی برادری کی مشیت پر حملہ ہے، چیئر مین پیپلزپارٹی قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رے گا، بیان

جمعرات 5 اگست 2021 13:14

بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ یکطرفہ اور غیر قانونی ہے۔یومِ استحصالِ کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ یکطرفہ اور غیر قانونی ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ اقدام کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہے،مودی حکومت کے اقدامات صرف مقبوضہ وادی اور اس کے پرامن عوام پر حملہ نہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ بین الاقوامی قوانین و عملداری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بیان کردہ عالمی برادری کی مشیت پر حملہ ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ اقدام بقائے باہمی کے اصولوں و فلسفے، جمہوری اقدار اور انسانیت پر بھی حملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رے گا۔ انہوںنے کہاکہ بدنامِ زمانہ آر ایس ایس کا وہ متعصبانہ نظریئہ کامیاب نہیں ہوگا، فاشسٹ مودی جس کا پیروکار ہے،مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں بدلتے حالات کے پیشِ نظر تنازعہِ کشمیر کو حل کرنا ضروری ہے تاکہ یہ خطہ انارکی کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہے۔

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو بھی اب جاگ جانا چاہیے اور حالات کے مطابق اقدامات اٹھانے چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پی پی پی نہ تو بھارتی بربریت پر خاموش رہے گی اور نہ ہی کشمیر کاز کے معاملے پر سلیکٹڈ وزیر اعظم کی مجرمانہ غفلت پر چٴْپ رہے گی،کشمیر کاز کے معاملے پر میں پیچھے ہٹنے کا سوچ بھی نہیں سکتا،وہ وعدہ جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا، اسے میں پورا کرنے کا عزم رکھتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ، کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،مقبوضہ وادی کے عوام منتظر ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی پوری قیادت متحد ہو۔ انہوںنے کہاکہ جب سے سلیکٹڈ حکومت اقتدار میں آئی ہے، ذاتی انا و مفادات نے حقیقی قومی مفاد پر فوقیت حاصل کرلی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ پاکستانی عوام اور ان کے جمہوری و آئینی ادارے کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ متحد کھڑے ہیں،میں اس کشمیری عوام کی وکالت کرتا رہوں گا، جو ہر روز بھارت کی قابض فوج کے ہاتھوں تشدد اور مظالم کا سامنا کرتی ہے،کشمیریوں کی آزادی کے بنیادی اور آفاقی حق کے لیے لڑتے رہیں گے۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اب دنیا کو بیدار ہونا چاہیے، اور میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، جب تک ایسے ہو نہیں جاتا۔