وفاقی کابینہ نے اسلحہ لائسنسوں پر عائد پابندی ختم کر دی

ممنوعہ بور اسلحہ لائسنسوں کا اجرا وزیر داخلہ کی منظوری سے کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 14 اگست 2021 11:10

وفاقی کابینہ نے اسلحہ لائسنسوں پر عائد پابندی ختم کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2021ء) : وفاقی کابینہ نے ممنوعہ اور غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنسوں پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی سمری کے مطابق ممنوعہ بور اسلحہ لائسنسوں کا اجرا وزیر داخلہ کی منظوری سے کیا جائے گا جبکہ غیر ممنوعہ بور کا لائسنس سیکریٹری داخلہ جاری کرسکیں گے۔ دوسری جانب وفاقی کابینہ نے امریکہ میں کرپشن جرائم میں ملوث ملزم مجاہد پرویز کی پاکستان سے امریکہ کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزارت داخلہ کی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے کے قوانین میں نئی شقیں شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ چیک ری پبلک کے ساتھ دوہری شہریت رکھنے کے معاہدہ کی بھی منظوری دے دی گئی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ وفاقی وزارت داخلہ نے اسلحہ لائسنس کے حوالے سے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے تمام ارکان پارلیمنٹ کا کوٹہ سسٹم ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کو ذرائع وزارت داخلہ نے بتایا کہ ارکان صرف اپنے نام پر ایک لائسنس حاصل کر سکیں گے۔ ممنوعہ بور کے لائسنس دینے کا اختیار وزیر داخلہ کے پاس ہوگا۔ غیر ممنوعہ لائسنس وفاقی سیکرٹری داخلہ جاری کر سکے گا۔ اسلحہ لائسنس کے لئے پرانا طریقہ کار نہیں چلے گا۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق پیپلزپارٹی دور میں 2 لاکھ اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے۔

80 ہزار لائسنس کلاشنکوف اور 222 رائفل کے جاری ہوئے۔ کابینہ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔ جبکہ رواں ماہ کے آغاز پر کابینہ نے ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجراءکا اختیار وزیر داخلہ یا سیکریٹری جبکہ غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنس کے اجراءکا اختیار وزیر، سیکریٹری وزارت داخلہ یا ایڈیشنل سیکریٹری (ایڈمن) کو دینے کی تجویز منظوری کی تھی۔