اقبال آفریدی کا بیٹے کے اقدام کا دفاع، خود بھی ملک چھوڑنے کی خواہش ظاہر کردی

اگر میرے بیٹے نے اسائلم لیا ہے تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں، اس سے پہلے بھی ہزاروں بچے ملک سے جا چکے ہیں، موقع ملا تو میں بھی اسائلم لے لوں گا؛ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 مئی 2026 15:57

اقبال آفریدی کا بیٹے کے اقدام کا دفاع، خود بھی ملک چھوڑنے کی خواہش ظاہر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے اپنے بیٹے کے بیرون ملک سیاسی پناہ لینے کے معاملے پر صحافیوں کے تیکھے سوالات کے جواب میں غیر معمولی ردعمل کا اظہار کیا ہے، جس میں انہوں نے نا صرف اپنے بیٹے کے اقدام کا دفاع کیا بلکہ خود بھی ملک چھوڑنے کی خواہش ظاہر کردی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے ایم این اے اقبال آفریدی نے اپنے بیٹے کے اٹلی میں سیاسی پناہ لینے کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر ملکی حالات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں نوجوانوں کے پاس ملک چھوڑنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، اگر میرے بیٹے نے اسائلم لیا ہے تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں، اس سے پہلے بھی ہزاروں بچے ملک سے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ جب ملک میں آئے روز دہشت گردی ہوگی، بم دھماکے ہوں گے، بد امنی ہوگی، تو یہ بچے آخر کہاں جائیں گے؟ اس ملک میں نہ امن ہے اور نہ ہی سیاسی استحکام ہے، یہ اب رہنے کے قابل نہیں رہا، ملٹی نیشنل کمپنیاں ملک چھوڑ کر جا رہی ہیں، ایسے میں مستقبل تاریک نظر آتا ہے، اگر مجھے موقع ملا اور میں یہ سمجھ گیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو رہا نہیں کیا جانا، تو پھر یہ ملک رہنے کے قابل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر مملکت برائے خارجہ امور طلال چوہدری نے انکشاف کیا تھا کہ اقبال آفریدی کے بیٹے نے سرکاری ’بلیو پاسپورٹ‘ کا غلط استعمال کرکے اٹلی میں پناہ لی ہے، جس سے ملک کی بدنامی ہوئی، جب کہ اقبال آفریدی کے حالیہ بیان نے اس معاملے کی کافی حد تک تصدیق کردی ہے، اور اس بحث کو مزید ہوا دی ہے کہ کیا عوامی نمائندوں کا ملک کے بارے میں ایسا مؤقف اختیار کرنا درست ہے یا نہیں۔