Live Updates

ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے چین کی مدد کی ضرورت نہیں.صدرٹرمپ

ہم ایک نہ ایک طریقے سے جیت جائیں گے، چاہے پرامن طریقے سے یا کسی اور انداز میں.امریکی صدر کی چین روانگی سے قبل گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 13 مئی 2026 15:37

ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے چین کی مدد کی ضرورت نہیں.صدرٹرمپ
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 مئی ۔2026 ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے چین کی مدد کی ضرورت نہیں چین کے دورے پربیجنگ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر کہا کہ انہیں یہ نہیں لگتا کہ وہ ایران سے متعلق چینی صدر شی چن پنگ کی مدد حاصل کریں گے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ایران کے معاملے میں کسی مدد کی ضرورت ہے ہم ایک نہ ایک طریقے سے جیت جائیں گے، چاہے پرامن طریقے سے یا کسی اور انداز میں.

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول مزید مضبوط کر لیا ہے اور عراق و پاکستان کے ساتھ تیل اور مائع قدرتی گیس ”ایل این جی“ کی ترسیل کے معاہدے کیے ہیں ذرائع نے بتایا کہ دیگر ممالک بھی ایسے معاہدوں پر غور کر رہے ہیں جس سے ایران کے اس آبی راستے پر کنٹرول کو مستقل حیثیت مل سکتی ہے امریکی حکومت نے کہا کہ گزشتہ ماہ امریکی اور چینی حکام اس بات پر متفق ہوئے تھے کہ کسی بھی ملک کو اس خطے سے گزرنے والی بحری آمدورفت پر ٹول ٹیکس لگانے کا حق نہیں ہونا چاہیے چین جو ایران کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے اور اس کے تیل کا بڑا خریدار ہے نے اس موقف کی مخالفت نہیں کی.

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب کہہ چکے ہیں کہ دورے سے پہلے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران جنگ کا معاملہ دونوں صدور کی ملاقاتوں کے دوران سرفہرست رہے گا ادھرامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر دورہ چین سے پہلے کسی نہ کسی طرزکے معاہدے کے خواہش مند تھے تاہم ان کے فیصلوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کے اتحادی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکا میں موجود اسرائیل کے حامی ہیں جوجنگ کو طول دینا چاہتے ہیں ‘پچھلے چند ہفتوں کے دوران فریقین کئی بار معاہدے کے بہت قریب پہنچے ‘تہران کی جانب سے ایٹمی ہتھیارنہ بنانے کی یقین دہانی کے لیے ہرطرح کے اقدامات کی پیشکش ‘آبنائے ہرمزکو مکمل طورپر فعال بنانے سمیت بہت سارے امور پر واشنگٹن کو معاہدے کی پیشکش کی گئی جسے امریکی ماہرین ایران کی جانب سے سب سے بہترین پیشکش قراردیتے ہیں تاہم صدرٹرمپ نے ان تمام تجاویزکو مستردکردیا .

امریکی صدر جمعرات اور جمعہ کو چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، جہاں توقع ہے کہ وہ چین پر زور دیں گے کہ وہ تہران کو واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ کرنے پر آمادہ کرے امریکہ کے مطالبات میں ایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز پر اس کی گرفت ختم کرنا شامل ہے ایران نے اس کے جواب میں جنگی نقصانات کا معاوضہ، امریکی پابندیوں کا خاتمہ، اور لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے دریں اثناءامریکی صدر نے ایک بار پھر ان تمام نیوز چینلز کو’ ’فیک نیوز“ قرار دیا ہے جو امریکہ کے خلاف ایرانی جوابی کارروائی کے بارے میں مثبت لکھتے ہیں”ٹروتھ سوشل“ پر اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ جب فیک نیوز یہ کہتے ہیں کہ ایرانی دشمن فوجی طور پر ہمارے خلاف اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے، تو یہ عملی طور پر غداری کے مترادف ہے کیونکہ یہ ایک انتہائی جھوٹا بلکہ مضحکہ خیز بیان ہے.

انہوں نے لکھا کہ وہ دشمن کی مدد اور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اس کا واحد نتیجہ یہ ہے کہ ایران کو جھوٹی امید ملتی ہے حالانکہ ایسی کوئی امید ہونی نہیں چاہیے یہ امریکی بزدل ہیں جو اپنے ہی ملک کے خلاف کھڑے ہیں انہوں نے دہرایا کہ ایران کے پاس بحریہ میں 159 جہاز تھے جو اب ہر ایک سمندر کی تہہ میں پڑا ہے ان کی کوئی بحریہ نہیں رہی، ان کی فضائیہ ختم ہو چکی ہے، تمام ٹیکنالوجی تباہ ہو چکی ہے، ان کے ’لیڈر‘ اب ہمارے درمیان نہیں رہے اور ملک معاشی تباہی کا شکار ہے ٹرمپ نے کہا کہ صرف ہارنے والے ناشکرے اور احمق ہی امریکہ کے خلاف موقف اختیار کر سکتے ہیں.

جنگ کے بڑھتے اخراجات کے باوجود ٹرمپ نے کہا کہ امریکی عوام کی معاشی مشکلات ان کے فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوتیں امریکی محکمہ محنت کے مطابق اپریل میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوا جبکہ خوراک، کرایوں اور ہوائی سفر کے اخراجات بھی بڑھے ہیں جب ایک صحافی نے پوچھا کہ امریکی عوام کی معاشی مشکلات انہیں معاہدہ کرنے پر کس حد تک مجبور کر رہی ہیں تو ٹرمپ نے جواب دیا ذرا بھی نہیں انہوں نے کہا کہ جب میں ایران کے بارے میں بات کرتا ہوں تو صرف ایک چیز اہم ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں.

ان بیانات پر ناقدین کی جانب سے سخت ردعمل متوقع ہے، کیونکہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی ووٹرز کے لیے اہم مسائل ہیں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 107 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، کیونکہ آبنائے ہرمز بڑی حد تک بند رہی امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن نے بحیرہ عرب میں امریکی ناکہ بندی نافذ کر رہا ہے جہاں اس نے 65 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا اور چار کو غیر فعال کیا پینٹاگون کے مطابق اب تک جنگ پر 29 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں جو گزشتہ ماہ کے اندازے سے 4 ارب ڈالر زیادہ ہیں. 
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات