Live Updates

دہلی اور کابل میں اس وقت کوئی تفریق نہیں، وزیر دفاع

ہماری خواہش ہے کابل والے ہمارے ساتھ بات چیت کریں تاکہ دہشتگردی کا سدباب ہو، لیکن اگر وہ تیار نہیں تو جو ہم نے دہلی کے ساتھ کیا، وہی کابل کے ساتھ کریں گے؛ خواجہ آصف کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 مئی 2026 15:32

دہلی اور کابل میں اس وقت کوئی تفریق نہیں، وزیر دفاع
اسلام اباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس وقت دہلی اور کابل میں اس وقت کوئی تفریق نہیں، افغان حکومت انڈیا کی پراکسی بنی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں افغانستان اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے حوالے سے انتہائی سخت اور دوٹوک بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کابل حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے سنگین نتائج کی تنبیہ کی، انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اس وقت بھارت کی پراکسی بن چکی ہے اور پاکستان کے خلاف دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی۔

وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اس وقت پاکستان کے خلاف بھارت کی ’ہندوتوا‘ کی جنگ لڑ رہا ہے، اب کابل اور دہلی کی پالیسیوں میں کوئی فرق باقی نہیں رہا، دونوں ایک ہی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، بھارت اب ’معرکہ حق‘ کے بعد پاکستان سے براہ راست جنگ کی ہمت نہیں رکھتا، اس لیے وہ افغان پراکسیز کو استعمال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے سرحد پار موجود دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں اور ان کے کیمپس کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرانے میں ناکام رہی ہے، کابل حکومت دہشت گردی کے سدباب کے لیے پاکستان کے ساتھ سنجیدہ بات چیت پر تیار نہیں دکھائی دیتی، ہماری پہلی خواہش یہی ہے کہ کابل والے ہمارے ساتھ بات چیت کریں تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے، لیکن اگر وہ اس کے لیے تیار نہیں ہیں تو یاد رکھیں جو ہم نے دہلی کے ساتھ کیا، وہی کابل کے ساتھ کریں گے۔                                                  
Live آپریشن غضب للحق سے متعلق تازہ ترین معلومات