پنجاب حکومت کا صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 اگست 2021 11:58

پنجاب حکومت کا صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اگست 2021ء ) پنجاب حکومت نے صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدات اجلاس منعقد ہوا ، جس میں صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس سے متعلقہ امور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور بر وقت علاج معالجہ ہر فرد کا حق ہے ، جس کے لیے ایئر ایمبولینس سروس کا اجرا وقت کا تقاضہ ہے ، ایئر ایمبولینس کے اجرا کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو سروسز کی بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ریسکیو 1122 سروسز کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا جب کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے آغاز سے ریسکیو سروسز کو نئی شناخت ملے گی کیوں کہ پنجاب خطے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا ، جس کے ذریعے دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے 3 سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی ، پنجاب حکومت نے تین سالوں میں کورونا کے دوران 106 ارب کا ریکارڈ ٹیکس ریلیف عوام کو دیا، رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اپنی ٹیکس وصولیوں میں36.8 فیصد اضافہ کیا جب کہ تین سال کے دوران سندھ ریونیو بورڈ اپنی ٹیکس وصولیوں میں صرف 16.5 فیصد ہی اضافہ کرسکا ، پنجاب حکومت نے صوبے کے 110 ملین شہریوں کیلئے یونیورسل ہیلتھ اسکیم شروع کی، یونیورسل ہیلتھ اسکیم کے تحت اب 8.5 ملین شہری ہیلتھ کارڈز وصول کرچکے ہیں، کورونا وبا کے دوران 32 ہزار ڈاکٹر اور طبی عملے کو بھرتی کیا گیا، پنجاب نے50 ارب روپے اضافی طبی عملے کو کورونا ریلیف الاؤنس دیا،صوبے میں کسانوں کو 95 فیصد اضافی قرضے دئیے گئے، گندم کی امدادی قیمت 1300 سے بڑھا کر 1800روپے کردی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے بھر میں 93 پناہ گاہیں اور 121 لنگر خانے بنائے گئے، احساس پروگرام کے تحت 15 ارب سے زائد رقم بزرگ اور مستحق افراد میں تقسیم کی گئی ، پنشن نظام میں اصلاحات کے ذریعے حکومت کے 18ارب روپے بچائے گئے، پنجاب حکومت کی کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے کفایت شعاری کے تحت بھی قومی خزانے کو فائدہ پہنچایا، نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی لگائی، سرکاری خرچے پر بیرون ملک علاج پر بھی پابندی لگائی گئی۔