داعش نے کابل ائیرپورٹ پر راکٹ حملوں کی ذمے داری قبول کر لی

پیر کے روز افغان دارالحکومت کے بین الاقوامی ائیرپورٹ سے امریکی افواج کے انخلاء کے دوران حملہ کیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 30 اگست 2021 20:41

داعش نے کابل ائیرپورٹ پر راکٹ حملوں کی ذمے داری قبول کر لی
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست2021ء) داعش نے کابل ائیرپورٹ پر راکٹ حملوں کی ذمے داری قبول کر لی، پیر کے روز افغان دارالحکومت کے بین الاقوامی ائیرپورٹ سے امریکی افواج کے انخلاء کے دوران حملہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر راکٹ فائر کیے جانے کے حوالے سے داعش کا بیان سامنے آیا ہے۔

خلیجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق داعش نے پیر کے روز امریکی فوج کے انخلاء کے دوران کابل ائیرپورٹ پر 6 راکٹ فائر کرنے کی ذمے داری قبول کی ہے، تاہم اس حملے کے دوران کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ پیر کی صبح سکیورٹی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر متعدد راکٹ فائر کیے گئے۔

(جاری ہے)

یہ راکٹ ایسے وقت میں فائر کیے گئے جب امریکہ کو اپنے فوجیوں کا انخلا مکمل کرنے میں 48 گھنٹے سے کم کا وقت رہ گیا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے عملے کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیر کی علی الصبح دارالحکومت کابل کی فضا میں راکٹ داغے جانے کی آوازیں سنیں۔ طالبان کی جانب سے دو ہفتے قبل اقتدار سے بے دخل کی گئی حکومتی انتظامیہ کے سیکورٹی حکام کا کہناتھا کہ یہ راکٹ کابل کے شمال سے ایک گاڑی سے داغے گئے ۔مقامی رہائشیوں کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے دفاعی نظام سے راکٹ حملوں کو روکنے کی آوازیں بھی سنی گئیں ۔

ان کے مطابق ایئرپورٹ خودکار دفاعی نظام کے چھرے بھی سڑکوں پر گرے جس سے یہ علم ہوتا ہے کہ کم از کم ایک راکٹ حملے کو ناکام بنایا گیا ۔ شہر کے شمال میں جہاں حامد کرزئی ایئرپورٹ واقع ہے، عمارتوں کے عقب سے فضا میں دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کابل ائیرپورٹ پر داعش کی جانب سے تباہ کن خود کش حملہ کیا گیا تھا کہ جس کے نتیجے میں امریکی فوجیوں اور شہریوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کے بعد امریکا نے بھی جوابی ڈرون حملوں میں داعش ک دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔