این جی اوز کے ساتھ مل کر پنجاب کے 8ملین سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے‘چوہدری سرور

پنجاب آب پاک اتھارٹی صوبے میں سیوریج کا نظام چلانے اور واسا کے بند فلٹر یشن پلانٹس کی بحالی کیلئے بھی تیار ہے بالا آخر امر یکہ نے تسلیم کر لیا افغان جنگ اس کا غلط فیصلہ تھا ،دنیا افغانستان میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرے ‘ گورنرپنجاب

منگل 31 اگست 2021 19:53

این جی اوز کے ساتھ مل کر پنجاب کے 8ملین سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے مختلف این جی اوز کے ساتھ مل کر پنجاب کے 8ملین سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی صوبے میں سیوریج کا نظام چلانے اور واسا کے بند فلٹر یشن پلانٹس کی بحالی کیلئے بھی تیار ہے جیسے ہی حکومت فنڈز جاری کر ے گی ہم ان پر کام شروع کر دیں گے ۔

پنجاب آب پاک اتھارٹی بھی رواں سال کے آخر تک صوبے میں تقر یبا 80لاکھ افراد کو اپنے فلٹر یشن پلانٹس کے ذریعے پینے کا صاف فراہم کر دے گی ۔وہ گور نر ہاس لاہور میں پنجاب آ ب پاک اتھارٹی کے چیئر مین ڈاکٹر شکیل احمد اورچیف ایگز یکٹو پنجاب آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز سمیت فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ پر یس کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر سپیشل سیکرٹری ٹو گور نر پنجاب عمر سعید اور پر نسپل سیکرٹری ڈاکٹر راشد منصور بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی نے فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر بھی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹس لگانے اور بند فلٹر یشن پلانٹس کی بحالی کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ہم الخدمت فانڈیشن ،اسلامک ایڈ،مسلم ہینڈز، واٹر ایڈ،یونیسیف، سرورفائونڈیشن، اخوت ،آگاہی ،سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ، علیم خان فائونڈیشن ،اے این ٹی ،سہار افائونڈیشن ،یوا یس اپیرل ،کسٹمز کیئر سوسائٹی اور چنگا پانی سمیت دیگر فلاحی تنظیموں کے ذریعے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں اور دیہاتوں میں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر یں گے۔

چوہدری محمدسرور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی میں عوام کے ایک ایک پیسے کا مکمل تحفظ کیا جارہا ہے اور کسی کو ایک روپے کی بھی کرپشن کر نے کی اجازت نہیں دے جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے آب پاک اتھارٹی میں جتنا بھی سٹاف بھر تی کیا ہے وہ بغیر کسی سفارش کے میرٹ پر ہی رکھا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ الحمد للہ وزیر اعظم عمران خان اوروزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت تمام سر کاری محکمے اور ہم سب عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے ایک پیج پر ہیں اور نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

گور نرپنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ہم نے پنجا ب میں واسا سمیت مقامی حکومتوں کے بند فلٹریشن پلانٹس بھی پنجاب آ ب پاک اتھارٹی کے حوالے کرنے کی بات کی ہے جیسے ہی حکومت ہمیں ان کے لیے فنڈز فراہم کر ے گی تو ہم فوری طور پر ان فلٹر یشن پلانٹس کی بحالی کے لیے بھی کام کا آغاز کر دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پنجاب آب پاک اتھارٹی کی بہترین ٹیم موجود ہے اگر حکومت فنڈز دے تو ہم صوبے میں سیوریج کا نظام بھی ٹھیک کر سکتے ہیں۔

سیاسی سوالوں کے جوابات میں گورنرپنجاب چوہدری محمدسرورنے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحر یک انصاف میں پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جمہوریت ہے جہاں مخالف موقف رکھنے والوں کی باتوں کو بھی سنا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو میرا یہی مشورہ ہے کہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر کے اپنے وقت کا ضیاع کرنے کی بجائے وہ ملک میں شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کے ساتھ بیٹھیں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بالا آخر امر یکہ نے تسلیم کر لیا ہے کہ افغان جنگ اس کا غلط فیصلہ تھا مگر اب امریکہ سمیت سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر یں اور افغانستان کو مضبوط اور مستحکم بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلے بھی امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی امن کیلئے پاکستان سب سے آگے بڑھ کر کام کر ے گا۔