ْ مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب کرنا خوش آئندقدم ہے‘ مسلم لیگ

مسرت عالم بٹ میں تحریک آزادی کو حریت پسند عوام کی امنگوں، آرزوؤں اورخواہشات کے مطابق آگے لے جانے کی صلاحیت موجود ہے

بدھ 8 ستمبر 2021 14:44

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2021ء) غیرقانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک خوش آئند قدم قراردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عبدالاحد پرہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہاکہ بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر میں جو خلاء پیدا ہو گیاہے مسرت عالم بٹ میں اس خلا کو پورا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا مسرت عالم بٹ میں تحریک آزادی کو حریت پسند عوام کی امنگوں، آرزوؤں اورخواہشات کے مطابق آگے لے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ نے اپنی ثابت قدمی سے ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

مسرت عالم بٹ نے زندگی کا بیشتر حصہ جیل کی تنگ و تاریک کوٹھریوں میں گزارنا پسند کیا لیکن تحریک آزادی سے ایک لمحے کے لیے بھی الگ نہیں رہے۔

عبدالاحد پرہ نے کہاکہ مسرت عالم بٹ نے اپنی زندگی کے قیمتی 25 سال جیلوں میں گزارے، ان پر 38 بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگوکیا گیا، مقبوضہ جموںوکشمیر کے بیشتر تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے لیکن مسرت عالم بٹ کے عزم وحوصلے میں ذرہ برابر بھی کمی نہ آئی ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کے طورپرمسرت عالم بٹ کا انتخاب بہترین فیصلہ ہے جس کو کشمیری عوام بالخصوص نوجوان طبقہ بھی قبول کرے گاکیونکہ وہ مسرت عالم بٹ کو بہت چاہتے ہیں۔عبدالاحدپرہ نے تمام حریت پسندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسرت عالم بٹ آپ کو مایوس نہیں کریں گے اورجدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔