بلاول بھٹو زر داری سے ملتان کے پرنٹ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی ملاقات

ہماری پارٹی میں مختلف سیاسی رہنماؤں کی شمولیت دیگر پارٹیوں میں ہلچل پیدا کر رہی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری افغان مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان تنہائی کا شکار ہیں، حکومت کو افغان پالیسی سمیت اہم ایشوز کو پارلیمان میں لانا ہو گا، گفتگو

بدھ 8 ستمبر 2021 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملتان کے پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے ملاقات کی جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مخدوم احمد محمود، یوسف رزجا گیلانی، خواجہ رضوان عالم، فیصل کریم کنڈی، ایم سلیم راجہ، چوہدری یاسین اور راؤ ساجد موجود تھے ۔

انہوںنے کہاکہ وسیب کے عوام نے میرا والہانہ استقبال کیا، جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں، لوھراں، ڈیرہ غازی خان اور وہاڑی میں عوام کی بڑی تعداد نے میرا استقبال کیا، ملک میں صرف پاکستان پیپلزپارٹی اپوزیشن کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری پارٹی میں مختلف سیاسی رہنماؤں کی شمولیت دیگر پارٹیوں میں ہلچل پیدا کر رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے سیاسی جمود کو توڑ دیا ہے، ہم پر جو مسلط کیئے گئے ہیں، ہم انہیں نہیں مانتے، ہم نے اپنے کارڈز سنبھال کر رکھے ہوئے ہیں، وقت آنے پر اپنے کارڈرز شو کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ الیکشن جب بھی ہوں گے ، اب اقتدار میں جیالے ہی آئیں گے، ہمارے جلسوں میں عام عوام آتے ہیں، ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لئے حکومتوں کا بندوست کیا جاتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی بندوبست سے آتی ہے، دوسری پارٹیاں تو اٹھتی اور بیٹھتی بھی دوسروں کے اشاروں پر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ افغان مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان تنہائی کا شکار ہیں، حکومت کو افغان پالیسی سمیت اہم ایشوز کو پارلیمان میں لانا ہو گا، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان جو کولڈ سٹوریج میں ہے، اسے باہر نکالنا ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی نے پہلے 100 دن میں صوبہ بنانا ہوتا تو اب تک آرام سے بن چکا ہوتا، تین سال بعد جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا قیام صرف ایک لولی پاپ ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، ہیومن رائٹس واچ نے بھی میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ چوہدری پرویز الہٰی بھی میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کررہے ہیں، عمران خان کو سوچنا چاہئیے کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل کے معاملے پر حکومتی اتحادی بھی ان کے ساتھ نہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے طارق اسماعیل، ممتاز نیازی، مظہر جاوید، محمد وسیم، طاہر ندیم، آصف علی، سید نوید شاہ، محمد قیصر اور رفیق قریشی نے ملاقات کی۔