بلاول کا دورہ رحیم یار خان ،مختلف رہنمائوں کی طرف سے پیپلزپارٹی میں شمولیت، وفود کی ملاقاتیں

پیپلزلائرز فورم کے اراکین کو وکلاء کے مسائل کے حل کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کر نے کی ہدایت

جمعرات 9 ستمبر 2021 22:15

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2021ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے رحیم یار خان دورے کے موقع پر مختلف رہنمائوں کی طرف سے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری رہا۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے بہاولپور کے ضلعی چیئرمین شیخ دلشاد احمد، خانیوال سے مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے سید عباس شاہ اور وفاقی سیکریٹری کے عہدے سے ریٹائر ہونے والے حافظ حسین مدنی شامل ہیں جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سیڈ کارپوریشن کے وفد نے بھی ملاقات کرکے ادارے کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وفد نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو بتایا کہ کاشت کے لئے بیج کی ناقص کوالٹی کی وجہ سے ملک بھر کے کسانوں کو تشویش ہے۔ سیڈ کارپوریشن ملک بھر میں فعال کردار کسانوں کے مسائل کے حل میں مفید ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

وفد میں رانا محمد سلیمان، خلیل احمد سنکت، میاں شہباز اور شہزاد عادل باجوہ شامل تھے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے پیپلزپارٹی ضلع رحیم یار خان شعبہ خواتین کی عہدیداران نے بھی ملاقات کی۔

جن میں شازیہ عابد، نوشابہ، صائمہ گیلانی، نوشین ہاشمی، زبیدہ زیبا ظفر، منزہ احسان، آسیہ قمر اور دیگر شامل تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی طرز پر غربت کے خاتمے کے پروگرام آجرا سے پنجاب کی خواتین معیشت میں فعال کردار ادا کریں گے۔ خواتین کے معاشی کردار کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر مخدوم احمد محمود، سید یوسف رضا گیلانی اور فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی کے اقلیتی ونگ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے میں بصر جی، پیٹر جان، دادو رام، لال داس گرو، موہن بھگت، موہن لال، منو رام، درگاہ داس، لالو رام اور دیگر شامل تھے۔ اقلیتی رہنمائوں نے اجلاس میں چیئرمین پیپلزپارٹی کو اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھونگ میں مندر کی بے حرمتی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا نظریہ پیپلزپارٹی کا نظریہ ہے اور اس نظریے کا پاکستان بنانا ہماری منزل ہے۔ پیپلزپارٹی مذہبی رواداری اور برداشت کے کلچر کی علمبردار ہے۔ رحیم یار خان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزلائرز فورم جنوبی پنجاب کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔

اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزلائرز فورم کے اراکین کو وکلاء کے مسائل کے حل کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ غیاث الحق شیخ، ایڈووکیٹ فلک شیر خان بھوپان، ایڈووکیٹ مرزا امین خان، ایڈووکیٹ میاں سمیع ا?للہ، ایڈووکیٹ نوید الرحمن ہاشمی، ایڈووکیٹ خورشید خان، ایڈووکیٹ خالد سعید، ایڈووکیٹ رضوان ملک، ایڈووکیٹ توقیر اکرم اور دیگر بھی شریک تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کی زیر صدارت پیپلزاسٹوڈنٹس فیڈریشن جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں مخدوم احمد محمود، سید یوسف رضا گیلانی، فیصل کریم کنڈی اور سہراب مری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پی ایس ایف کے عہدیداروں نے طلبائ کے مسائل کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو کو رپورٹ پیش کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم بہتر تعلیم کے ساتھ طلبائ کے مستقبل کو شاندار بنانے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یکساں تعلیم کے ساتھ کسی بھی صورت میں موزوں نہیں، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ اگر نصاب میں تبدیلی لانا ضروری ہے تو پیپلزپارٹی حکومت میں آنے کے بعد طلباء، اساتذہ اور ماہرین تعلیم کی مشاورت سے نصاب کو بہتر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں کی فیس میں اضافہ کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ رحیم یار خان میں قیام کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزیوتھ آرگنائزیشن جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔

انہوں نے پیپلزیوتھ کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ صوبائی کونسلوں کا قیام کرکے ان میں سابق سینئر عہدیداروں کو شامل کریں تاکہ ان کے تجربے سے استفادہ حاصل کیا جائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی ایک واضح منصوبہ بندی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری عروج پر ہے، عوام کو روزگار دینے کی بجائے چھینا جا رہا ہے۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور میرے درمیان میرا کوآرڈینیٹر سہراب مری پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اجلاس میں سید عارف شاہ، رئیس جہانگیر گوندل، جام جمیل احمد، میاں نور الہیٰ، عارف چوہان، جہانگیر ماہوٹا، ضیا بھٹہ، عظیم احمد اور دیگر نے شرکت کی۔