اپوزیشن کی قبل ازوقت انتخابات کی خواہش پوری نہیں ہو گی، رہنما پی ٹی آئی ہمایوں اختر خان

جمعرات 16 ستمبر 2021 13:52

اپوزیشن کی قبل ازوقت انتخابات کی خواہش  پوری نہیں ہو گی، رہنما پی ٹی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی قبل ازوقت انتخابات کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی بلکہ یہ ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی ،حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے اور انشا اللہ عوام کو جلد ریلیف ملے گا ۔ایک بیان میں انہوں نے کہااپوزیشن قوم کو بتائے ملک میں ایسی کیا ایمر جنسی ہے کہ ایک منتخب حکومت مدت پوری ہونے سے پہلے انتخابات کرا دے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی والے کئی دہائیاں اقتدار میں رہے ہیں لیکن انہوں نے ملک اورعوام کے لئے کچھ نہیں کیا اس لئے عوام آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو کسی طور پر بھی دوبارہ موقع دینے کے لئے تیار نہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں پہلی بار حکومت بنائی  اورپہاڑ جیسے چیلنجز کے باوجود نہ صرف ملک کی معیشت کو دلدل سے نکالا گیا بلکہ خارجہ محاذپربھی  بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں، موجودہ دورمیں افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کا انخلا کوئی معمولی واقعہ نہیں اور پاکستان نے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صبر سے کام لے حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ 2023 میں ہونے والے انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت کے ساتھ واپس آئے گی۔