انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اگلے سال مکمل سیریز کیلئے پاکستان کے دورے کا عندیہ دے دیا

اگلے ماہ شیڈول میچز کی منسوخی پر معذرت خواہ ہیں، تاہم اگلے سال شیڈول سیریز پر توجہ مرکوز ہے: انگلش کرکٹ بورڈ

muhammad ali محمد علی پیر 20 ستمبر 2021 22:11

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اگلے سال مکمل سیریز کیلئے پاکستان کے دورے کا عندیہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔20 ستمبر 2021ء) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اگلے سال مکمل سیریز کیلئے پاکستان کے دورے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کیے جانے کے باوجود پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے اگلے ماہ پاکستان میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کیلئے تو معذرت کر لی گئی، تاہم اگلے سال پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اگلے ماہ شیڈول میچز کی منسوخی پر معذرت خواہ ہیں، تاہم 2020 میں پاکستان میں شیڈول سیریز پر توجہ مرکوز ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے یکطرفہ فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر اکتوبر میں اپنی مینز اور ویمن کرکٹ ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کر لی ہے، انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاونٹ سے بھی اس فیصلے کی تصدیق کی گئی۔



انگلش کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق سیکورٹی خدشات سے متعلق اطلاعات ملنے کے بعد اپنی ٹیمیں اگلے ماہ پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے موقف اختیار کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث کھلاڑیوں کو پاکستان کا سفر کرنے پر تحفظات ہیں، کرونا صورتحال کی وجہ سے بھی کھلاڑیوں پر بہت زیادہ دباو ہے۔

کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی فلاح سب سے اہم ہے، پاکستان کے دورے سے کھلاڑی مزید ذہنی دباو کا شکار ہوں گے، اس لیے ان پر مزید ذہنی دباو نہیں ڈال سکتے۔ سمجھتے ہیں فیصلے سے پی سی بی کو مایوسی ہو گی، پی سی بی نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے انتھک محنت کی، جانتے ہیں اس فیصلے سے پاکستان کی کرکٹ پر اثرات پڑیں گے، اس لیے اپنے فیصلے پر پی سی بی سے معذرت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کو اگلے ماہ 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی مختصر سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا۔ یہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا 2005 کے بعد پہلا دورہ پاکستان ہوتا، اس حوالے سے پی سی بی اپنی تمام تیاریاں مکمل کر چکا تھا۔