Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا امریکی صحافی گلین بیک کو جوابی خط، قرآنی آیات کا حوالہ بھی دیا

قرآن میں ہے جس نے ایک انسان کی زندگی بچائی اس نے ساری انسانیت کو بچایا، حکومت آپ کو انسانی بنیادوں پر مدد کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی، وزیراعظم کے لکھے خط کا متن

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 21 ستمبر 2021 22:31

وزیراعظم عمران خان کا امریکی صحافی گلین بیک کو جوابی خط، قرآنی آیات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) قرآن میں ہے جس نے ایک انسان کی زندگی بچائی اس نے ساری انسانیت کو بچایا، حکومت آپ کو انسانی بنیادوں پر مدد کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی، وزیراعظم عمران خان کا امریکی صحافی گلین بیک کو جوابی خط، وزیراعظم نے قرآنی آیات کا حوالہ بھی دیا- نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی صحافی کی جانب سے موصول ہونے والے خط کا جواب دیتے ہوئے اُس میں قرآنی آیت کا حوالہ دیا۔

خط کے متن میں وزیراعظم نے لکھا کہ ’میں آپ کو شکریہ کا جوابی خط لکھ رہا ہوں، آپ کےخیالات ہمارےعقائدکی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں، آپ کے خیالات انسانیت اور ہمدردی پر مبنی نظریےکی عکاسی کرتے ہیں‘۔ خط میں وزیراعظم نے لکھا کہ ’قرآن میں ہےجس نے ایک انسان کی زندگی بچائی اس نے ساری انسانیت کو بچایا، ہمارے اقدامات سے وہ لوگ خود کو محفوظ تصورکریں جو ہم پر انحصار کر رہے ہوں، حکومت آپ کو انسانی بنیادوں پر مددکی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کرےگی‘۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے لکھا کہ ’کوشش کریں گے ہمارےجذبات، احساسات نئی طالبان حکومت تک بھی پہنچ سکیں، ایک بارپھریقین دلاتاہوں میرا آفس فوری طور پر آپ کی مددکیلئے پہنچےگا‘۔ یاد رہے کہ امریکی صحافی گلین بیک نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا۔ واضح رہے کہ امریکی براڈ کاسٹ جرنلسٹ گلین بیک نے وزیر اعظم عمران خان کی مدبرانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے افغانستان سے غیر ملکی انخلا میں اس وقت مدد کی جب انسانی جانیں حقیقی موت کے خطرات سے دوچار تھیں۔

بلیز میڈیا کے سی ای او گلین بیک نے کہا افغانستان سے غیر ملکی انخلا میں عمران خان کے قائدانہ کردار اور افواج پاکستان کے تعاون کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، مدد مانگنے پر عمران خان نے فوری مدد کی اور انسانیت کو بچا لیا۔ امریکی صحافی نے کہا ہم نے افغانستان میں مدد کے لیے کئی ممالک اور رہنماؤں سے مدد مانگی تھی لیکن جواب نہیں ملا، وزیر اعظم عمران خان نے مہربانی کر کے ہمیں فوری وقت دیا اور ہمارے مقصد پر سوال بھی نہیں کیا، انھوں نے مذہب، نسل اور ثقافت سے مبرا ہو کر پہل کی۔

گلین بیک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کی مدد کے بعد طالبان کے زیر کنٹرول مزار شریف سے تین طیارے اڑان بھرنے میں کامیاب ہوئے، جن کے ذریعے ایک ہزار کے لگ بھگ لوگوں کو بچایا جا سکا، ان میں بھی بڑی تعداد امریکیوں کی تھی۔ انھوں نے کہا فیفا ارکان، فٹبال ٹیم، اور افغان خواتین کا انخلا صرف وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کی وجہ سے ممکن ہو سکا، عمران خان کی کوششوں اور افواج پاکستان کی سپورٹ سے طالبان معاہدے پر بھی کاربند رہے۔

امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ عمران خان پر تنقید کرنے والے میڈیا مراکز کا اپنا کوئی ایجنڈا ہو سکتا ہے، لیکن انسانی جانوں کو بچانے کے لیے دنیا بھر کو وزیر اعظم عمران خان کے قائدانہ کردار کا اعتراف کرنا ہوگا، ہم اس لمحے کو فراموش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ امریکی صحافی نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے تعاون نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو ان کے وعدوں کو پورا کرنے کے قابل بنایا، میں یہ سب تفصیلات اپنے پروگرام میں بتاؤں گا، آئندہ چند دنوں میں ایسے کئی لوگوں کی کہانیاں بھی سامنے آئیں گی، جن کی جانیں بچانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان کا قیمتی وقت کام آیا۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات