پشاور ، کوہاٹ روڈ انڈسٹریل ایریا سے مال سے بھری گاڑی چوری کرنے والے ملزمان گرفتار

جمعرات 23 ستمبر 2021 16:19

پشاور ، کوہاٹ روڈ انڈسٹریل ایریا سے مال سے بھری گاڑی چوری کرنے والے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) تھانہ بھانہ ماڑی پولیس نے کوہاٹ روڈ انڈسٹریل ایریا میں سرگرم چوروں کو گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان کا تعلق پشاور سے ہے جو موقع ملنے پر انڈسٹریل ایریا میں واقع کارخانوں سے قیمتی اشیا وغیرہ چوری کرلیتے تھے، ملزمان نے گزشتہ روز خام مال سے بھری گاڑی چوری کر لی تھی جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے خام مال سے بھری گاڑی برآمد کر لی ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مدعی محمد ہارون سیٹھی نے تھانہ بھانہ ماڑی پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے کارخانے سے کسی نامعلوم ملزمان نے خام مال سے بھری گاڑی جس میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان تھا چوری کرلی ہے جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی،ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی تیمور سلیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو شامل تفتیش کرنے سمیت انڈسٹریل ایریا میں مختلف جگہوں پر لگے کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جس کے دوران کارخانے سے بھری گاڑی چوری کرنے میں ملوث مرکزی ملزم رشید کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے شریک ملزم کی بھی نشاندہی کی جس پر شریک ملزم اقبال کو بھی گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے مسروقہ گاڑی اور خام مال برآمد کر لیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔


متعلقہ عنوان :