Live Updates

ترین گروپ کے ایک اور رکن اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا

رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 ستمبر 2021 11:08

ترین گروپ کے ایک اور رکن اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر اعتماد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر 2021ء) : ترین گروپ کے ایک اور رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے ایک اور رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے پاس پہنچ گئے۔ رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ عثمان بزدار نے انہیں مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مخالفین کی منفی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار پر اظہار اعتماد کیا تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ ماہ عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد نذیر چوہان کو جیل سے رہا کردیا گیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان نے ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ میرا ترین گروپ سے کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین نے مجھے استعمال کیا اور مشکل میں مجھے فون کال تک نہیں کی۔ ان کا کہنا تھاکہ میں جہانگیر ترین کی ہر پیشی پر گیا اور میں نے جہانگیر ترین کو اپنا لیڈر مانا لیکن وہ اس قابل نہیں۔ نذیر چوہان نے کہا کہ میرا ایک ہی لیڈر ہے اور رہے گا، اس کا نام عمران خان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیرترین کو شرم آنی چاہئیے کہ انہوں نے اسپتال آ کر میرا حال تک نہیں پوچھا، اس معاملے میں بہت سے منافق لوگوں کے چہرے سامنے آگئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات