وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا حالیہ بارشوں میں نکاسآب کے خصوصی انتظامات کو مزید موثر کرنیکی ہدایت

منگل کو چہلم امام حسینؓکے موقع پر بھی بارشوں کے امکان کے سبب نکاسی کے انتظامات کو مو ثر طور سے برقرار رکھا جائے،سید ناصر حسین شاہ

پیر 27 ستمبر 2021 22:37

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا حالیہ بارشوں میں نکاسآب کے خصوصی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے حالیہ بارشوں میں نکاسآب کے لئے اہم چوکنگ پوائنٹس پر کئے گئے خصوصی انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایات دی پیں۔ اپنی ہدایات میں انہوں نے صوبے اور بالخصوص کراچی میں موجود بلدیاتی اداروں کے تمام متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا حالیہ اسپیل بلدیاتی افسران اور عملے کی کارکردگی کا امتحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں، میونسپل کارپوریشنز اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران و عملہ اپنی بہترین خدمات پیش کرکے بارش کے پانی کی نکاسی اور سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت کو یقینی بنانے میں معاونت کریں۔انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ ایسے تمام مقامات جہاں پانی رک سکتا ہے پر مشینری اور عملہ موجود رہے اور شارع فیصل، شارع پاکستان اور کراچی کی دیگر اہم تمام شاہراہوں پر فوری نکاسی کا انتظام برقرار رکھا جائے اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران و عملہ چوکنگ پوائنٹس پر موجود رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک روانی یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ لائڑن رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن مقامات پر پانی کھڑا ہے وہاں نکاسی کے عمل کو تیز کیا جائے اور بلدیاتی عملہ شہریوں کی مدد کے لئے موجود علاقوں میں ڈیوٹیوں پر موجود رہے۔اپنی ہدایات میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے منگل کو چہلم امام حسین ؓکے موقع پر بھی کراچی شہر میں واٹر بورڈ اور میونسپل کارپوریشنز کے افسران و عملے اور صوبے کے دیگر شہروں اور علاقوں میں نکاسآب کے اداروں اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران و عملہ کو الرٹ رہنے کے احکامات دیئے ہیں۔

انہوں نے بلدیاتی اداروں کے متعلقہ عمال پر واضح کیا کہ بحیثیت وزیر بلدیات میں بارشوں میں نکاسئی آب کے انتظامات کی خود بھی مانیٹرنگ کررہا ہوں۔جہاں اچھی کارکردگی پیش کی جارہی ہے ان کی ستائش کی جائے گی اور جہاں کوئی بھی غفلت ، کوتاہی یا سستی نظر آئے گی تو ایسے عمال کو ضابطے کی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے۔ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور حکومت کی ان مساعی کو بلدیاتی ملازمین اپنی بہترین کارکردگی کے زریعے محنت سے کام کرکے کامیاب بنائیں۔