Live Updates

آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور تحریک آزادی کشمیر ہماری ترجیحات میں شامل ہیں،سردار عبدالقیوم نیازی

آزادکشمیر میں سیاحت، مواصلات، شاہرات، ٹنلز کی تعمیر، صحت عامہ،آئی ٹی، زراعت، جنگلات اور لائن آف کنٹرول کیلئے 500 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اصولی فیصلہ ہو چکاہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان خود اعلان کرینگے، آزادکشمیر کو کرپشن فری اور بلا تخصیص احتساب یقینی بنائینگے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

جمعہ 1 اکتوبر 2021 22:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2021ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سیاحت، مواصلات، شاہرات، ٹنلز کی تعمیر، صحت عامہ،آئی ٹی، زراعت، جنگلات اور لائن آف کنٹرول کے لیے 500 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اصولی فیصلہ ہو چکاہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان خود اعلان کریں گے۔

آزادکشمیر کو کرپشن فری اور بلا تخصیص احتساب یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ آزادکشمیرمیں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہوگااور ریاست کی ترقی اور عوام خوشحال ہو گی۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، صحافیوں کے لیے ریسٹ ہاؤسز اور کالونیاں بنائیں گے۔

(جاری ہے)

حکومت نے اپنے منشور پر عملدر آمد کے لیے لانگ ٹرم، مڈ ٹرم، اور شارٹ ٹرم پلان تیار کر لیا ہے۔ یہ تحریک آزادکشمیر کا بیس کیمپ ہے بیس کیمپ کی حیثیت سے ہم پر یہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور تحریک آزادی کشمیر ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے جمعہ کے روز اخباری مالکان اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلا تخصیص احتساب کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ کرپشن سے پاک معاشرہ قائم ہو گا تب ہی یہ قوم ترقی کرے گی۔ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی معاشی خودکفالت کی جانب لے کر جانے اور ریاست سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کا مشن لے کر آئے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت و زیراعظم پاکستان کے ویژن کی عکاس ہے، وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت ریاست کے عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آئے ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کا مشن مکمل کریں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہو گا اور اس سے ریاست کی عوام میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو سلام پیش کرتاہوں جو لائن آف کنٹرول پر قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مثبت صحافت کو فروغ دیں اور توقع رکھتا ہوں کہ حکومت کی مثبت پالیسیسوں اور ترقی و خوشحالی کے کاموں کو عوام تک پہچانے اور تحریک آزادی کشمیرکے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں عوام کی آگاہی کے لیے خصوصی ہفتے منانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

صفائی مہم سے آغاز کر دیاگیا ہے، تمام اضلاع میں صفائی مہم زور و شور سے جاری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ میں ترقی، تجاوزات کا خاتمہ اور لائن آف کنٹرول کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی خصوصی ہفتے منائیں گے۔ آزادکشمیر میں بیروزگاری کے خاتمے کے لیے فنی تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں ، ٹیوٹا کے زیراہتمام نوجوانوں کو فنی تعلیم دیں گے اور اس کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کریں گے۔آزادکشمیر کے عوام جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات