پروفیسراقبال چوہدری کے لیے بین الاقوامی ایوارڈ

جمعرات 14 اکتوبر 2021 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2021ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری کے شعبے میں گرانقدر خدامت کے اعتراف میں مسلم دنیا کے سب سے بڑے سائینس اور ٹیکنالوجی کے اعزاز مصطفی ؓ پرائز برائی2021 کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری مصطفی ؓ پرائزکی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں شرکت کے لیے 18اکتوبر کوایران روانہ ہوں گے، تقریب کا انعقاد 21اکتوبر کو تہران شہر کے وحدت ہال میں ہوگا۔ ترجمان کے مطابق مصطفی ؓ پرائز کو مسلم دنیا کا نوبل پرائز تصور کیا جاتا ہے جسے سائینسدانوں کی حوصلہ افزائی کے لیی2012 میں عالمی سطح پ سائینسی امتیاز کے طور قائم کیا گیا تھا جو دو سال میں ایک مرتبہ چار مختلف زمروں بشمول لائف اینڈ میڈیکل سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی، نینو سائینس، نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سائینس اینڈ ٹیکنالوجی، اور سائینس اور ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات میں دیا جاتا ہے، اس سال یہ انعام پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے ساینسدانوں کو متعلقہ شعبہ جات میں دیا جارہا ہے جس کے تحت ایک سائینسدان کو پانچ لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریبا1175سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ76کتب شائع ہوچکی ہیں، اس کے علاوہ40انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیا سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہی, بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہء امتیاز، ستارہء امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔