یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا

پٹرول، بجلی، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ منی بجٹ ہے، یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف

جمعہ 15 اکتوبر 2021 23:23

یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2021ء) اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے پٹرول، بجلی، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ قرار دیکر مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر ردعمل میں کہا کہ پٹرول، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جو کچھ بھی کہتا تھا، وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوئی۔ کہا کہ یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ معیشت اور قوم کو آئی ایم ایف کے آگے قربان کیا جارہا ہے جوظلم ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پر آنکھیں بند کرکے عمل کرنے والی اس حکومت نے عوام کے مفاد کو بلائے طاق رکھ دیا۔

(جاری ہے)

مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ٹیکس مہنگائی، قرض بڑھتے جا رہے ہیں، پہلے ہی مہنگائی قیامت خیز حدوں پر پہنچ چکی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے، خدارا یہ سلسلہ اب بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا حکومت اپنے کیے وعدوں کی پاسپداری کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

دوسری جانب حمزہ شہباز کا کہنا ہے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے سے عوام کے سروں پر مہنگائی کا نیا بوجھ لاد دیا گیا ہے۔ اپوزیشن رہنما پنجاب اسمبلی نے کہا کہ تین سال میں گردشی قرض دوگنا سے زائد ہو کر 2.5 کھرب ہوگیا۔ اُنہوں نے کہا اس حکومت نے مہنگائی اور نااہلی سے تین سالوں میں عوام کا جینا محال کردیا۔ چکی کا آٹا بھی 82 روپے کا ہو چکا ہے، روٹی کی قیمتیں بھی بڑھنے والی ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں واحد مہنگائی ہے جس کا گراف اوپر جا رہا ہے۔