Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تغیر کے حوالے سے عالمی لیڈر کا کردار ادا کیا ہے،فیاض الحسن چوہان

تحریک انصاف کی حکومت کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی عالمی سطح پر پذیرائی کی گئی ہے، وزیر جیل خانہ جات کا لوک ورثہ میں کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 22:06

وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تغیر کے حوالے سے عالمی لیڈر کا کردار ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تغیر کے حوالے سے عالمی لیڈر کا کردار ادا کیا ہے اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جاندار آواز اٹھائی ہے اور گوگل وارمنگ کے کنٹرول کیلئے جامع پروگرام دیا ہے جسے دنیابھر میں سراہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی عالمی سطح پر پذیرائی کی گئی ہے، ایسا پروگرام نہاری اور آلو گوشت کے دلدادہ جعلی لیڈرز سوچنے سے قاصر ہیں کیونکہ ایسا پروگرام وہی لیڈر دے سکتا ہے جو اگلے الیکشن نہیں بلکہ اگلی نسلوں کا سوچتا ہے۔یہ بات انہوں نے لوک ورثہ، اسلام آباد میں 'ماحولیاتی تغیر اور لیڈرشپ' کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم خان عمران نے 10 بلین ٹری کی بات کی ہے جبکہ ماضی کے جعلی اور لٹیرے حکمران 100 بلین ڈالر منی لانڈرنگ کا سوچتے رہے اور اس پر عمل کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور سے پٹرول پر بجلی کی منتقلی سے مہنگائی اور آلودگی آئی، اور یہ فیصلے ماضی کے حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات اور مال بنانے کیلئے کئے اور ان کا خمیازہ آج کی نسل بھگت رہی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ڈیمز کے سنگ بنیاد رکھے ہیں جو مستقبل میں مکمل ہوں گے اور جن کا فائدہ آنے والی نسلیں اٹھائی گئی اور پی ٹی آئی کی حکومت نے اس بات کی پرواہ نہیں کی کہ ان ڈیموں کا افتتاح بھی وہی کریں بلکہ مستقبل میں جو بھی حکومت ہوئی وہ ان ڈیموں کا افتتاح کرے گی اور یہی لیڈرشپ کی خصوصیات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوت فیصلہ، ٹائم مینجمنٹ اور دلیری کے بغیر لیڈر شپ ممکن نہیں اور ان خصوصیات سے عاری کوئی بھی شخص اگر لیڈر ہونے کا دعویٰ کرتا ہے وہ جھوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈروں وہی نہیں ہوتا جو حکمران ہو، وزیراعظم، وزیراعلی، وزیر یا کسی اور عوامی عہدہ کا حامل ہو بلکہ ہر وہ شخص جو اپنی کمیونٹی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہو وہ لیڈر ہے اور ہر اس شخص کو ماحولیاتی تغیر کے حوالے سے سوچنا ہوگا تاکہ ہم آئندہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ ماحول دے سکیں۔ بعد ازاں انہوں نے ورکشاپ کے سپیکر اور شرکاء میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئی-
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات