پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ

لاہور کے ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اکتوبر 2021 13:31

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اکتوبر 2021ء ) پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹروں کی جانب سے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں لاہور کے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کیا ہے اور پنجاب کے دارالحکومت سے پشاور کرایہ 1500 سے بڑھا کر 1600 کر دیا گیا ہے ، جب کہ لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 630 سے بڑھا کر 730 روپے کیا گیا ہے ، لاہور سے ملتان کرایہ جو کہ پہلے 1130 تھا اب سے 1230 روپے ہوگا ، لاہورس سے خانیوال کا کرایہ 1000 سے بڑھا کر 1100 روپے کیا گیا ہے تو لاہور سے حیدرآباد کا کرایہ بڑھ کر 3600 روپے ہوچکا ہے اور لاہور سے کراچی کا کرایہ اب 3600 روپے نہیں بلکہ 3800 روپے ہوگا۔

دوسری جانب ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام آئل کی قیمتوں اضافہ نے پوری دنیا میں بحران پیدا کر دیا ہے ، حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 10روپے 49پیسے کے حساب سے اضافہ کیا، پٹرول کی قیمت میں اضافہ سوا8 فیصد کے قریب ہے، جب کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 10سے 15فیصدا ضافہ ہوا ، روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے،حکومت نے اوگرا کی سفارشات پر قیمتیں بڑھائیں،حکومت پٹرول پر صرف 2روپے لیوی وصول کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق اوگرا کی 5روپے اضافے کی سفارش پر 10روپے اضافے کی اطلاعات بالکل غلط ہے ، حکومت کو پورا احساس ہے کہ موجودہ صورتحال میں اپنے عوام کو کس طریقے سے محفوظ کرنا ہے تا کہ کم سے کم اضافہ عوام کو منتقل ہو، گزشتہ پندرہ دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 10 سے 15 فیصد اضافہ ہوا ہے،حکومت نے ہفتہ کو تقریبا 10.49روپے فی لیٹر کے حساب سے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا جو 8.25 فیصد کے قریب اضافہ ہے ،عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے حکومت کم سے کم ٹیکس لاگو کر رہی ہے۔