بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

DW ڈی ڈبلیو منگل 19 اکتوبر 2021 18:40

بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 19 اکتوبر 2021ء) بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روکنے کا واقعہ گزشتہ ویک اینڈ پر رونما ہوا۔ پاکستانی افواج کی جانب سے منگل انیس اکتوبر کو جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ اس آبدوز کی نشاندہی ہفتہ سولہ اکتوبر کو کی گئی تھی۔

پاکستان نیوی کی ’امن21‘ بین الاقوامی بحری مشقیں ختم ہو گئیں

بھارتی سب میرین

پاکستانی افواج کے بیان میں بتایا گیا کہ جب بھارت کی آبدوز یا سب میرین کی نشاندہی کر لی گئی تو ملکی بحریہ نے اس کو بحیرہ عرب میں پاکستان کی سمندر حدود میں داخل ہونے کی ممانعت کر دی۔

اس آبدوز کی نشاندہی پاکستانی بحریہ کے لانگ رینج سمندری گشتی یونٹ نے کی تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی آبدوز کے حوالے سے پاکستانی فوج نے مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔ اسی طرح ابھی تک بھارت کی جانب سے بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پاکستانی فوج کا بیان

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یا آئی ایس پی آر نے بھارتی آبدوز کی نشاندہی کو ملکی بحری فوج کی ان تھک نگرانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ایک شاندار نمونہ قرار دیا ہے۔

اس بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے موجودہ تعلقات اور سمندری سکیورٹی خدشات کے تناظر میں پاکستانی نیوی ملکی سمندری حدود کی نگرانی اور تحفظ کا سلسلہ ہمہ وقت جاری رکھے ہوئے ہے۔ آبدوزوں کے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کے واقعات کو آئی ایس پی آر نے بھارت کا سازشی عمل قرار دیا۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی بحریہ کو تنبیہ

بھارتی آبدوزوں کی تین کوششیں

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ سولہ اکتوبر سن 2021 کا واقعہ پہلا نہیں ہے بلکہ تیسری مرتبہ بھارتی نیوی کی سب میرین نے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی کہا گیا کہ ہر مرتبہ نشاندہی ہونے پر بھارتی آبدوزوں کا راستہ روک دیا گیا۔

ایسا ہی ایک واقعہ مارچ سن 2019 میں رونما ہوا تھا۔ تب پاکستانی نیوی نے اپنے بیان میں ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کا عزم ظاہر کیا تھا۔ پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کسی بھارتی آبدوز کی پہلی کوشش نومبر سن 2016 میں کی گئی تھی۔

ترکی پاک بحریہ کو چار طیارہ شکن جنگی بحری جہاز فروخت کرے گا

پاک بھارت تلخ تعلقات

سن 1947 میں انگریز نوآبادیاتی راج کے خاتمے کے بعد سے پاکستان اور بھارت تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔

ان میں سے دو کشمیر پر کنٹرول کے حوالے سے تھیں۔ مبصرین کے نزدیک کشمیر کا متنازعہ علاقہ ان دونوں جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے تعلقات کو معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

ع ح/ ا ا (اے پی)