بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے سے قبل مقبوضہ جموں و کشمیر کی سکیورٹی مزید سخت

بدھ 20 اکتوبر 2021 14:02

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے سے قبل مقبوضہ  جموں و کشمیر کی سکیورٹی ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2021ء) بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے  رواں ہفتے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے دورے سے قبل اورمقبوضہ علاقے میں شہریوں کے حالیہ قتل کے واقعات کے پس منظر میں پورے جموںو کشمیر میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امیت شاہ ہفتہ اوراتوار کو مقبوضة                      کشمیر کا دور ہ کریں اور اس دوران وہ وہاں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے ۔

5اگست2019کو مودی حکومت کی طرف سے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے امیت شاہ کا مقبوضہ کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ پولیس کے ایک اعلی عہدیدار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سرینگر اور دیگر ضلعی ہیڈ کوارٹروں  میں بھارتی  فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ سرینگر میں پولیس اور بھارتی فوج کی مشترکہ ٹیموں نے مزید چوکیاں اور بلٹ پروف بنکر بھی قائم کئے ہیں اور مسافروں اورراہگیروں کی تلاشیاںلی جارہی ہیں ۔

ٹی آر سی کراسنگ ، لال چوک ، جہانگیر چوک ، ایم اے روڈ ، بمنہ پارمپورہ اور دیگر مقامات پر بھارتی پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیمیں مسافروں اور گاڑیوںکی تلاشیاں لے رہی ہیں ۔شہر میں موٹر سائیکل سواروں کی دستاویزات بھی چیک کی جارہی ہیں جبکہ کئی موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے لیاگیا ہے ،اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل نگرانی بھی کی جارہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بڑی تعداد میں پولیس اور پیراملٹری فوسز کے اہلکاروںکو سڑکوں پر تعینات کیاگیا ہے ۔ بلٹ پروف جیکیٹں اور خود کار ہتھیاروں سے لیس سی آر پی ایف اور بھارتی پولیس کے اہلکاروں نے متعدد اضلاع میں کئی مقامات پر لوگوں کی تلاشیاں لیں اوران کے شناختی کارڈ چیک کئے۔