Live Updates

ڈالر کی اونچی اُڑان ،روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 174 روپے 10 پیسے کا ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 اکتوبر 2021 13:16

ڈالر کی اونچی اُڑان ،روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2021ء) : ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد ڈالر کی نئی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالرمزید چودہ پیسے مہنگا ہونے سے ڈالر 174 روپے سے تجاوز کرگیا ۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 174 روپے 10 پیسے ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت مزید 14 پیسے کم ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل انٹر بینک میں ڈالر مہنگا ہو کر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 173 روپے 48 پر پہنچ گیا تھا۔ انٹر بینک مارکیٹ میں 71 پیسے اضافے کے بعد ڈالر 173 روپے 48 پیسے کا ہو گیا ۔ جبکہ گذشتہ ہفتے ڈالر ایک روپیہ 82 پیسے مہنگا ہو کر 173 روپے پر آ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر 172.78 پر پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

ڈالر کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت پر ماہرین معیشت نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور ڈالر کی مسلسل مانگ سے روپے کی قدر متاثر ہوئی۔ پاکستان کی معیشت عالمی مہنگائی اور افغانستان کی صورتحال کے باعث بھی مسلسل دباؤ کا شکار ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج سے تین سال قبل جب عمران خان نے وزارت عظمٰی کا حلف اٹھایا تو اس وقت ڈالر کی قیمت 123 روپے تھی اور آج ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 174.10 روپے پر موجود ہے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق 15 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 24 ارب 32 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کیے گئے۔ مرکزی بینک کے ذخائر 17 ارب 49 کروڑ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 ارب 83 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کیے گئے۔ مرکزی بینک کے ذخائر میں 1 ارب 64 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 42 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات